بین الاقوامی

ایران کے میزائل حملوں میں 11 فوجی زخمی ہوئے: امریکا

 

امریکا نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتےعراق میں امریکی فوجی اڈوں پر ایران کے میزائل حملوں میں 11 فوجی زخمی ہوئے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان کے بیان کے مطابق 8 جنوری کو عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر ایران نے میزائل حملے کیے تھے جن میں 11 امریکی فوجی زخمی ہوئے تاہم کوئی فوجی ہلاک نہیں ہوا۔

پہلے پنٹاگون نے کہا تھا کہ ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن اب فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ زخمی اہلکاروں کو علاج کے لیےعراق کے الاسد ایئر بیس سے کویت اور جرمنی منتقل کیا گیا ہے، صحت یاب ہونے کے بعد انہیں واپس عراق میں تعینات کیا جائے گا۔

ایران کی جانب سے عراق میں دو امریکی فوجی اڈوں پر 16 میزائل داغے گئے تھے۔ امریکا کی جانب سے فضائی حملےمیں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد جوابی کارروائی میں ایران نے یہ کارروائی کی تھی اور 80 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا۔

خیال رہے کہ 3 جنوری کو امریکا نے بغداد میں میزائل حملہ کرکے ایرانی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کردیا تھاجس کے بعد ایران کی جانب سے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بدلہ لینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button