بین الاقوامی

آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ کے خاتمے کے لیے نماز استسقا ادا کی گئی

 

آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی خوفناک آگ کے خاتمے کے لیے ایڈیلیڈ میں مسلمانوں نے خصوصی عبادت کی جس میں عیسائی بھی شریک ہوئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جنوبی آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ کے پارک میں مسلمانوں نے خوفناک آگ کے خاتمے کے لیے نماز استسقاء ادا کی۔

پارک میں ہونے والی اس خصوصی عبادت میں عیسائی افراد نے بھی شرکت کی اور جنگلات میں لگی آگ کے خاتمے کے لیے بارش کی دعا بھی کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی والی آگ بے قابو ہوگئی ہے اوراب تک اِن جنگلات میں رہنے والے کروڑوں جانور ہلاک ہوچکے ہیں۔ آسٹریلیا میں آگ اور دھوئیں کے باعث اب تک اموات کی تعداد 24 ہوگئی جبکہ لاکھوں ایکڑ اراضی جل کر خاک ہوچکی ہے۔

آسٹریلیا میں 500 سے زائد فائر فائٹرز مسلسل آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں تاہم گرم موسم کے باعث آگ مزید پھیلتی جارہی ہے جبکہ آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے بھی 3 ہزار فوجیوں کو مدد کے لیے طلب کیا ہے۔

جنگلات میں لگی آگ کے باعث مختلف شہروں میں فضا بھی آلودہ ہوگئی ہے اور دارالحکومت کینبرا بھی سب سے آلودہ شہر بن گیا ہے جس کے باعث لوگ بھی گھروں میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

خوفناک آگ کے باعث آسٹریلیا کی نیوساؤتھ ویلز اور وکٹوریہ میں سینکڑوں گھر اور لاکھوں ایکڑ اراضی تباہ ہوچکی ہے۔ دوسری جانب آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے ملک کی موجودہ صورتحال کے باعث طے شدہ بھارت کا دورہ منسوخ کردیا ہے، انہیں 13 جنوری کو بھارت پہنچنا تھا۔

ٹوئٹر پر بھی پاکستان سمیت دنیا بھر میں پرے آسٹریلیا کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کررہا ہے اور ٹوئٹر صارفین جنگلات میں لگی آگ کے خاتمے کے لیے دعائیں کررہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا میں بارش شروع ہوچکی ہے جس کے بعد آگ پر قابو پائے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کے جنگلات میں لگنی والی آگ سے تقریباً 50 کروڑ سے زائد جانور ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ اس خطے میں موجود جانوروں کی کئی اقسام صف ہستی سے مٹ جانے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔سڈنی یونیورسٹی کے ماہرین ماحولیات کے مطابق گزشتہ سال ستمبر سے لے کر اب تک 48 کروڑ ممالیہ جانور، پرندے اور رینگنے والے جانور ہلاک ہوچکے ہیں اور اس تعداد میں مزید اضافے کا امکان ہے۔گذشتہ دو روز میں وکٹوریہ اور نیو سائوتھ ویلز کی ریاستوں میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی ہے ، جس سے متعدد افراد ہلاک یا لاپتہ ہوگئے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button