صحت

خیبرپختونخوا میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 147 تک پہنچ گئی

 

خالدہ نیاز

خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس بے قابو ہونے لگا۔ محکمہ صحت کے مطابق صوبہ بھر میں ڈینگی کے اب تک 147 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پشاور میں 38، مردان میں 28 اور صوابی میں 19 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ بٹگرام سے 12، چترال سے 7 اور چارسدہ سے 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق باجوڑ میں چھ، مانسہرہ میں 5 اور کوہاٹ میں چار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسی طرح نوشہرہ میں 4، اور سوات، دیر، ڈیرہ، اور ایبٹ آباد میں تین تین کیس سامنے آئے ہیں۔ ان نئے اعدادوشمار کے بعد ملک بھر میں ڈینگی کے کنفرم کیسز کی تعداد 5749 تک پہنچ گئی ہے۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے ڈیٹا کے مطابق پچھلے سال پاکستان میں ڈینگی کے 75 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے تھے جن میں سے 22617 کا تعلق خیبر پختونخوا سے تھا۔

صحت کے ماہرین کے مطابق ڈینگی بخار ایک خاص قسم کے مچھر کے کاٹنے سے لاحق ہوتا ہے۔ شروع شروع میں انسان کو متلی کی شکایت ہوتی ہے، اور دل خراب ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ جسم کی ہڈیوں میں درد شروع ہو جاتا ہے۔ اور انسان کو تیز قسم کا بخار بھی ہوتا ہے۔

ڈینگی مچھر کے کاٹنے کے بعد چار سے دس دن میں بخار ہو جاتا ہے جو عام طور پر کافی تیز ہوتا ہے۔ شروع شروع میں 100 درجے کا بخار ہوتا ہے لیکن بعد میں 105 تک بھی پہنچ جاتا ہے۔ بخار کے ساتھ سر میں، اور کبھی کبھار آنکھوں میں بھی درد ہوتا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button