سیاست

عمران خان نے آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ میں ترامیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا

 

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ میں ترامیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے آئینی درخواست سپریم کورٹ میں 184/3 کے تحت دائر کی گئی اور یہ آئینی درخواست ایڈووکیٹ شعیب شاہین نے دائر کی ہے جس میں وفاق، صدر، وزرات داخلہ اور سیکرٹری قومی اسمبلی کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور آرمی ترمیمی ایکٹ بنیادی انسانی حقوق سے متصادم ہیں۔ آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت خفیہ اداروں کو بغیر وارنٹ کسی بھی گھر میں گھس کر تلاشی لینے کا اختیار دینا غیر آئینی ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ صدر مملکت سوشل میڈیا پر وضاحت کر چکے ہیں اور انہوں نے دونوں قوانین کی منظوری نہیں دی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ آفیشل سیکریٹ (ترمیمی) ایکٹ 2023 آئین کے آرٹیکل 8 سے متصادم ہے جس کے مطابق کوئی بھی قانون جوبنیادی حقوق سے مطابقت نہیں رکھتا یا اس کی تنسیخ کرتا ہے اسے کالعدم قرار دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل صدر مملکت عارف علوی نے اپنے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے آفیشل سیکریٹ اور آرمی ایکٹ میں ترمیم کے قوانین پر دستخط نہیں کیے ہیں۔ صدر عارف علوی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ میں آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ ترمیمی بل سے اتفاق نہیں کرتا، میں نے اپنے عملے کو کہا کہ بل کو بغیر دستخط کے واپس بھیجیں۔

صدر پاکستان نے مزید کہا میں نے عملے سے کافی بار تصدیق کی کہ بلز بغیر دستخط کے واپس بھیج دیے گئے ہیں، مجھے آج معلوم ہوا کہ میرے عملے نے میری مرضی اور حکم کو مجروح کیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button