خیبر پختونخوافیچرز اور انٹرویو

سیاحتی مقام گبین جبہ میں تین روزہ سنو سپورٹس اینڈ کلچر فیسٹول کا آغاز

 

شہزاد نوید

سوات کے سیاحتی مقام گبین جبہ میں تین روزہ سنو سپورٹس اینڈ کلچر فیسٹول کا آغاز ہوگیا۔پہلے روز سنو میراتھن،ماس کشتی اور رسہ کشی کے مقابلے ہوئے جس میں ملک بھر سے کھلاڑیوں نے حصہ لیا جبکہ فیسٹول سے ٘محظوظ ہونے کے لئے سیاحوں کی بڑی تعداد میں گبین جبہ میں موجود رہی۔
بلند و بالا پہاڑوں کے دامن میں واقع سیاحتی مقام گبین جبہ میں پہلی بار تین روزہ سنو سپورٹس اینڈ کلچر فیسٹیول کا انعقاد کیا جارہا ہے، یہ فیسٹول محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا، کلچر اینڈ ٹوررزم اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ سوات کے باہمی اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔


افتتاحی روز کھیلوں کی سرگرمیوں کیساتھ ساتھ ثقافتی سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا گیا۔ تین روزہ سنو سپورٹس اینڈ کلچر فیسٹیول میں سنو میراتھن ریس، سکینگ، سنو سائیکلنگ، رسہ کشی، آرچری اور سنو جوڈو کے مقابلے منعقد کئے گئے جبکہ اس کے علاوہ تین روزہ ثقافتی شو میں ہینڈی کرافٹ اور دستکاری اشیاء کے سٹالز، کھانے پینے کے سٹالز، بچوں کیلئے پلے لینڈ ایریا اور سیاحوں اور مقامی افراد کو محظوظ کرنے کیلئے محفل موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں نامور گلوکار شوکت محمود, الماس خلیل نے پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔
سیکرٹری محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا محمد عابد مجید نے کہا کہ محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا سیاحوں کو پورے صوبے میں ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ گبین جبہ مالم جبہ کے بعد صوبے کی خوبصورت ترین جگہ ہے سیاح اب موسم سرما میں بھی ملک بھر سے ان سیاحتی مقامات کا رخ کررہے ہیں جو صوبے کی معیشت کیلئے خوش آئند ہے۔

پہلے روز گبین جبہ کے مقام پر سنو میراتھن کے مقابلے ہوئے جبکہ ساتھ ہی ماس کشتی اور رسہ کشی کے مقابلے بھی برف باری میں منعقد کئے گئے۔فیسٹیول میں سیاحوں کیلئے ہینڈکرافٹ سٹالز،ٹورسٹ انفامیشن ڈیسک، کلچرل ڈانس پرفارمنس اور رباب موسیقی بھی رکھی گئی ہے جبکہ ان سب کے علاوہ ایف سی ڈانس پرفارمنس، پشتو مشاعرہ، میجک شو، مارشل آرٹ شو، سٹیج ڈرامہ اور دیگر سرگرمیاں بھی منعقد کی جائیں گی۔ فیسٹیول میں گلوکارشاہد علی خان، خالد ملک، ہمایون خان، معیز، شوکت محمود، الماس خان خلیل سمیت دیگر پرفارمنس پیش کریں گے۔
فیسٹول کے پہلے روز سیاحوں کی بھی کثیر تعداد نے گبین جگہ کا رخ کیا اور کھیلوں کے ساتھ ساتھ فوڈ سٹالز اور دیگر روایتی سٹالز سے بھی خوب لطف اندوز ہوئے۔ سیاح عثمان خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گبین جبہ سوات کی خوبصورت ترین وادی ہے اور یہاں پر اس قسم کے فیسٹول کے انعقاد سے سرمائی سیاحت کو فروغ ملے گا۔
فیسٹول کے شرکاء نے حکومت کی جانب سے سیاحت کے فروغ کے لئے کاوشوں کو بھی سراہا، لوئر دیر سے آئے ہوئے سیاح سلیمان سلطان نے کہا کہ وادی سوات کا ہر علاقہ دلفریب اور حسین ہے یہاں کے حسین نظارے ہر کسی کا دل موہ لیتے ہیں۔ گبین جبہ میں اس قسم کی سرگرمیاں یہاں کی خوبصورتی کو دنیا کے سامنے لائے گی۔
سوات کی وادی گبین جبہ سطح سمندر سے 8471 فٹ کی بلندی پر واقع ہے، یہاں پر گھنے جنگلات، بلند و بالا پہاڑ اور پہاڑوں سے گرتے آبشار دل کو سکون بخشتے ہیں۔ موسم سرما میں یہاں پر کافی برف پڑتی ہے۔ سرمائی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے اس قسم کی سرگرمیاں وقت کی ضرورت ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button