لاک ڈاون کی خلاف ورزی، آرشین سمیت کئی دکانیں سیل
پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے لاک ڈاون کی خلاف ورزی پر آرشین سمیت کئی دکانوں کو سیل کردیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن جاری ہے اور حکومتی ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے کاروائیوں میں تیزی لائی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے رات گئے یونیورسٹی روڈ پر کاروائی کی اور آرشین سمیت بیشتر دکانیں سیل کردی، انتظامیہ کے مطابق آرشین یونیورسٹی روڈ پر باہر سے شٹر گرا کر اندر خریدو فروخت جاری تھی، اسسٹنٹ کمشنر سارہ رحمان نے منیجر کو گرفتار کر کے آرشین کو سیل کر دیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پشاور کے مختلف علاقوں سے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر مزید 133 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اشفاق خان اور اسسٹنٹ کمشنر نعمان علی شاہ کے ہمراہ مختلف علاقوں میں کاروائیاں کی، یہ کاروائیاں اشرف روڈ، رامپورہ، پیپل منڈی اور دیگر علاقوں میں کی گئیں۔
ڈپٹی کمشنرترجمان نے مطابق انتظامی افسران نے بھی اپنے علاقوں میں بازاروں کا معائنہ کیا اور گرانفروشی اور لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر بیشتر دکانداروں کو گرفتار کیا۔
ڈی سی پشاور نے کہا ہے کہ دکاندار سرکاری نرخ نامے کے مطابق اشیاء فروخت کریں، اور خلاف ورزی پر قانونی کاروائی کے لیے تیار رہیں۔ انہوں نے تاجروں اور دوکانداروں کو ہدایات کی ہے کہ چار بجے تک دکانیں بند کریں۔
انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ صوبائی حکومت کے احکامات پر عمل کریں جبکہ خلاف ورزی پر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔