انٹرٹینمنٹ

بھارت، دلہن ڈھول باجے لے کر خود دلہا کے گھر پہنچ گئی

بھارت کی ریاست راجھستان میں شادی کی ایک انوکھی تقریب منعقد ہوئی جس میں روایت کے برعکس دلہن ڈھول باجے کے ساتھ اپنی بارات لے کر خود دلہا کے گھر پہنچ گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دلہن کے جوڑے میں ملبوس 25 سالہ جیا شرما بگھی میں بیٹھی اور سیاہ چشمہ لگائے ہوئی ہے جبکہ اس کے رشتہ دار باراتی بنے ہوئے ہیں اور ڈھول کی تھاپ اور شادیانوں پر محو رقص ہیں۔

یہ بارات دلہا کے گھر جا کر رکی جہاں اس انوکھی بارات کا پُرتپاک استقبال کیا گیا، مہمانوں کی خاطر داری کی گئی اور مختصر سی تقریب کے بعد دلہا دلہن اپنے نئے گھر کو روانہ ہوئے۔ جیا شرما کے چہرے پر خوشی اور شادمانی کے اثرات نمایاں ہیں۔

دلہن جیا شرما نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مرد اور خواتین کے برابر کے حقوق ہیں اگر مرد بارات لاسکتا ہے تو یہی کام عورت کیوں نہیں کرسکتی، راجھستان میں خواتین سے متعلق دقیانوسی خیالات کو تبدیل کرنے کیلیے میں نے اپنے شوہر سے بارات لانے کی خواہش کا اظہار کیا جس کا انہوں نے احترام کیا۔

اس موقع پر جیا شرما نے معروف اداکار عامر خان کی فلم دنگل کا مشہور ڈائیلاگ بھی سنایا کہ ’ ’میری چھوریاں (بیٹیاں) کسی چھورے (لڑکے) سے کم ہیں کیا؟‘

اس شادی کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ دلہن والوں سے کسی قسم کے جہیز کا تقاضا نہیں کیا گیا اور سسرال والوں نے خود دلہن کے لیے تمام سامان کا انتظام کیا۔

اہل علاقہ نے اس انوکھی شادی کو سماج میں تبدیلی کا پہلا قدم قرار دیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button