انٹرٹینمنٹ

حریم شاہ کا پاکستان چھوڑ کر کینیڈا منتقل ہونے کا اعلان 

 

ٹک ٹاک سٹارحریم شاہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان چھوڑ کر کینیڈا منتقل ہورہی ہیں۔ سیاستدانوں کے ساتھ متنازع ویڈیوز شیئر کرنے کے حوالے شہرت حاصل کرنے والی ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ نے گزشتہ 2 ماہ سے پاکستانی سیاست میں ہلچل مچائی ہوئی ہے۔

حریم شاہ نے پاکستانی میڈیا کی توجہ اس وقت حاصل کی جب ان کی دفتر خارجہ میں گھومنے پھرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی لیکن شیخ رشید کے ساتھ حریم شاہ کی لائیو کال کی ویڈیو نے پاکستان میں ہنگامہ مچادیا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کے ساتھ بھی حریم شاہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی۔

حال ہی میں حریم شاہ نے ایک ویب سائٹ کو دئیے جانے والے انٹرویو میں بتایا کہ وہ کسی کی دھمکیوں میں آنے والی نہیں  اور نہ ہی کسی سے ڈرتی ہیں۔ میزبان کی جانب سے پوچھنے پر کہ آپ اور آپ کی دوست صندل خٹک اس وقت پاکستان میں ہی ہیں جس پر حریم شاہ نے کہا اس وقت ہم دونوں آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ہیں۔

حریم شاہ نے مزید کہا کہ میں نے کینیڈا کی شہریت کے لیے درخواست دی ہے اور میں اب کینیڈا کی شہریت لے رہی ہوں۔ میزبان کی جانب سے پوچھے جانے والے سوال کہ کیا آپ ہمیشہ کے لیے پاکستان چھوڑ رہی ہیں کے جواب میں حریم شاہ نے کہا پاکستان ہمارا وطن ہے ہم ضرور آئیں گے لیکن ہمیں بہت سے کام نمٹانے ہیں جس کے بعد اپنے وطن کا رخ کریں گے۔

انٹرویو کے دوران حریم شاہ نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ حریم شاہ ان کا اصل نام نہیں ہے بلکہ ان کا اصل نام کچھ اور ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ کے والد سید ضرار حسین شاہ کا ایک ویڈیو بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ حریم کی ویڈیوز سے جس جس کی دل آزاری ہوئی ہے وہ ان سب سے معافی چاہتے ہیں۔

سید ضرار حسین شاہ کا کہنا ہے کہ ان کی اور خاندان کی ان کے علاقے میں بہت عزت ہے اور سب ان کے گھرانے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے خاندان نے 1948 میں  کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں بھی حصہ لیا تھا اور ان کے ایک چچا بھی اوڑی  کے مقام پر شہید ہوئے تھے۔

سید ضرار حسین  کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی طرف سے حریم کی تعلیم و تربیت کی پوری کوشش کی اور اسے عالیہ اور عالمہ کا کورس کروایا،ان کے اساتذہ بھی حریم کی وجہ سے دکھی ہیں جس پر انہیں شرمندگی ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button