چارسدہ: پولیس وین سے فرار قیدی کے واقعے میں 10 پولیس کانسٹیبلز فارغ، انکوائری کمیٹی کی رپورٹ جاری
چارسدہ میں 13 جون 2024 کو تھانہ شیخ ملتون کی حدود میں پیش آنے والے واقعے میں، قیدی ولی محمد پولیس وین سے فرار ہونے کے واقعہ میں ضلعی پولیس سربراہ مسعود احمد نے واقعے کا نوٹس لیا۔ ان کے حکم پر ایس پی انویسٹیگیشن کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس نے تحقیقات کے بعد 10 پولیس کانسٹیبلز کو نوکری سے فارغ کر دیا۔
یاد رہے کہ ملزم ولی محمد، جو قتل، اقدام قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھا، عدالتوں میں پیشی کے بعد جیل منتقل کیا جا رہا تھا کہ اس نے پولیس وین سے فرار ہونے میں کامیابی حاصل کی۔ اس واقعے کے بعد محکمانہ کارروائی کے تحت پولیس اہلکاروں کی غفلت اور لاپرواہی پر سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔
ڈی پی او چارسدہ نے اس موقع پر کہا کہ پولیس میں سزا اور جزا کا عمل جاری رہے گا اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ڈیوٹی میں غفلت اور لاپرواہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔