جرائم

شمالی وزیرستان میں فائرنگ، آزاد امیدوار ملک کلیم اللہ سمیت 3 افراد جاں بحق

شمالی وزیرستان کے تحصیل میران شاہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قبائلی رہنما اور پی کے 104 سے آزاد امیدوار اپنے دو ساتھیوں سمیت جاں بحق ہوگئے۔

سرکاری ذرائع سے حاصل ہونے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ تحصیل میران شاہ کے علاقے تپی سے تعلق رکھنے والے قبائلی مشر اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 104 کیلئے آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن میں حصہ لینے والے امیدوار ملک کلیم اللہ کو اس وقت اپنے گاؤں کی حدود میں نامعلوم افراد نے ٹارگٹ کیا جب وہ اپنے دو دیگر ساتھیوں سمیت گھر آرہے تھے۔

ذرائع کے مطابق ملک کلیم اللہ داوڑ اور ان کے ساتھ گاڑی میں سوار دو دیگر ساتھی مسرور خان اور محمد سخی پر اس وقت نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ شروع کردی جب وہ میران شاہ تحصیل سے اپنے گاؤں تپی آرہے تھے۔

ذرائع کے مطابق تینوں مقتولین کو متعدد گولیاں لگی تھیں جس سے ان کی موت واقع ہوئی۔ ملک کلیم اللہ کے بارے میں ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ان پر پہلے بھی کئی بار قاتلانہ حملے ہوچکے ہیں جن میں وہ بچ گئے تھے۔

خیال رہے کہ یہ حملہ بھی اسی جگہ ہوا ہے جہاں چند دن پہلے سابقہ ایم این اے محسن داوڑ پر بھی ایسی ہی قاتلانہ حملہ ہوا تھا جس میں وہ بال بال بچے تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button