نوشہرہ میں تین دن قبل لاپتہ ہونے والے نوجوان کی لاش برآمد
نوشہرہ بارہ بانڈہ سے تین دن قبل لاپتہ ہونے والے نوجوان رکشہ ڈرائیور کی لاش صوابی میں کھیتوں سے بر آمد ہوگئی۔
پولیس کے مطابق بائیس سالہ تحسین اللہ کو شدید تشدد کے بعد سر میں گولی مار کر قتل کیا گیا۔
مقتول کے لواحقین اور اہل علاقہ نے 22 سالہ نوجوان کی نعیش مردان نوشہرہ جی ٹی روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا۔ گزشتہ روز جی ٹی روڈ مکمل بلاک ہونے گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئی۔
مشتعل مظاہرین نے پولیس اور ملزمان کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ مظاہرین نے ملزمان کی گرفتاری اور پولیس کی جانب سے بروقت مقدمہ نہ درج کرنے پرتحقیقات کا مطالبہ کیا۔
بعد ازاں رسالپور سرکل کے ڈی ایس پی فضل اکبر نے مشتعل مظاہرین سے کامباب مذاکرات کئے۔ مظاہرین نے ملزمان کی تین دن کے اندر گرفتاری کی یقین دہانی کے بعد جی ٹی روڈ کھول دی۔ تحسین اللہ چنگ چی رکشہ چلاتا تھا۔ تحسین اللہ کے والد کے مطابق تحسین اللہ کی دو ماہ قبل شادی ہوئی تھی اور جہانگیرہ میں لاپتہ ہوا تھا۔
ڈی ایس پی فضل اکبر کے مطابق ملزمان کتنے بھی بااثر کیوں نہ ہو قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔ مقتول کے قتل میں ملوث ملزمان بہت جلد قانون کے گرفت میں ہونگے۔