جرائم

ٹانک، دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو کمسن بچے جاں بحق

 

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے دو کمسن بچے جاں بحق ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ سے ایک دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔ ہلاک شدہ دہشتگرد سے 01 کلاشنکوف، 09 میگزینز، 02 دستی بم، گولہ بارود اور 01 موٹرسائیکل برآمد ہوگیا۔

سیکورٹی فورسز اور ٹانک پولیس گاؤں اعظم آباد کی حدود میں خفیہ اطلاع پر علاقے میں مشترکہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے سلسلے میں جا رہے تھے جب نندور تا اعظم آباد روڈ کے قریب پہنچے تو نامعلوم دہشت گردوں نے گھات لگا کر سیکورٹی فورسز اور پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں دو کم عمر سویلین بچے زخمی ہوئے اور موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ جواب میں سیکورٹی فورسز اور پولیس نے بھی اپنے دفاع میں جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں ایک نامعلوم دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔

لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال ٹانک منتقل کر دیا گیا ہے اور ہلاک شدہ نامعلوم دہشت گرد کی نعش کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔ علاقے میں دہشتگردوں کے خلاف سرچ آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پولیو ورکر کو قتل کر دیا۔ پولیو ورکر کی شناخت حسن طواب کے نام سے ہوئی ہے۔ نامعلوم مسلح افراد نے اس کوگھر سے باہر بلایا اور گولی مار کر قتل کردیا۔ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button