جرائم

افغانستان میں پھنسے پاکستانی مسافروں سے پاسپورٹ چھین لیے جانے کی اطلاعات

محراب آفریدی

افغانستان میں پھنسے پاکستانی مسافروں نے الزام لگایا ہے کہ طورخم بارڈر پر امارات اسلامی نے ان سے پاسپورٹ چھین لیے ہیں۔

افغانستان سائیڈ پر طورخم میں پھنسے ہوئے مسافر نے رابطہ کرکے بتایا کہ پاسپورٹ ویزے کے باوجود بھی ان سے پاسپورٹ چھین کر انہیں پاکستان جانے نہیں دیا جارہا۔ انہوں نے بتایا کہ طورخم بارڈر افغانستان سائیڈ پر سینکڑوں پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں جن سے زبردستی پاسپورٹ چھین لیے گئے ہیں۔

پھنسے ہوئے افراد میں مسافر و مزدور شامل ہیں۔ پھنسے ہوئے مسافر نے موبائل فون پر رابطہ کرکے کہا کہ طورخم گمرک کے امارات اسلامی کے ذمہ دار نے ہمیں یہ احکامات جاری کئے کہ آپ کو بغیر دستخط نہیں چھوڑا جائے گا۔ آپ سب دستخط کریں کہ پھر یہاں نہیں آئیں گے اس شرط پر چھوڑ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم مسافر اور مزدور بے بس ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیں اپنے ملک جانے کی اجازت کے ساتھ پاسپورٹ دیئے جائیں۔ تحریر لکھتے وقت تک وہاں پھنسے پاکستانی کو اجازت نہیں ملی۔

خیال رہے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف پیر کے روز سے آپریشن شروع کیا جاچکا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر رہائش پذیر، غیر ملکیوں کی شناخت پہلے ہی کی جاچکی ہے۔ غیر ملکیوں کو پکڑ کر پہلے ہولڈنگ پوائنٹ منتقل کیا جائے گا، اس کے بعد انہیں ڈی پورٹ کیا جائے گا۔

غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو پاکستان چھوڑنے کے لیے دی گئی مہلت یکم نومبر کو ختم ہوچکی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افغان شہریوں کو ضلع خیبر لنڈیکوتل انٹری پوائنٹ کیمپ میں رجسٹرڈ ہونے کے بعد طورخم بارڈر کے راستے افغانستان جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button