پشاور کے صراف کو خاتون کے ذریعے نشہ آور مشروب پلا کر قتل کئے جانے کا انکشاف
آفتاب مہمند
لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کی کارپارکنگ میں دو ماہ قبل گاڑی کے اندر پراسرار طور پرجاں بحق صراف کو خاتون کے ذریعے نشہ آور مشروب پلا کر قتل کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے پنجاب پولیس کے اہلکار کی اہلیہ اوررکشہ ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کے مطابق 24 اگست کو تھانہ خان رازق شہید پولیس کو ایل آر ایچ کی کارپارکنگ سے گاڑی کے اندر سے لاش ملی تھی جس کی شناخت حاجی محمد آصف ولد زلمے سکنہ گلبہار نمبرچار کے نام سے ہوئی تھی۔ حاجی آصف کے بھائی حاجی وحید نے پولیس کو بتایا تھا کہ اسکا بھائی ایک روز قبل گھر سے نکل کرلاپتہ ہو گیا تھا اوراس کا موبائل فون بھی بند آرہا تھا۔
پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانہ منتقل کی اور تفتیش شروع کی تو معلوم ہوا کہ متوفی کا موبائل فون غائب ہے۔ پولیس نے تلاش شروع کی اورمتوفی کا موبائل فون رکشہ ڈرائیور عبدالمتین سکنہ موسی زئی سے برآمد کرکے گرفتارکر لیا۔
گرفتار رکشہ ڈرائیور نے پولیس کو بتایا کہ متوفی کا موبائل فون اسے زوجہ امجد علی سکنہ راولپنڈی نے دیا تھا۔ پولیس نے رکشہ ڈرائیور کا بیان ریکارڈ کیا اس دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ 23 اگست کو متوفی حاجی آصف نے مسماۃ کو لفٹ دی تھی جس نے اسے راستے میں نشہ آورمشروب پلا کر بے ہوش کردیا تھا۔ ا
س دوران خاتون اس سے موبائل فون ٗنقدی اور سامان لیکر فرار ہو گئی تھی اورنشہ کی زیادتی کی وجہ سے حاجی آصف جاں بحق ہو گئے تھے۔ پولیس نے اسکے خلاف قتل اور نشہ آور مشروب پلانے اور سامان چوری کرنے کے مقدمات درج کر لئے ہیں۔ ٗپولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ پنجاب پولیس کے ایک اہلکار کی اہلیہ ہے۔ خاتون کی گرفتاری کے لئے پولیس نے چھاپے مارنا شروع کردئیے ہیں۔