باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد زخمی
زاہد جان
باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔ ڈی ایس پی ستار خار کے مطابق جمعہ کے دن دوپہر 2 بجے ضلع باجوڑ کے تحصیل لوی ماموند علاقہ گیلے میں فیلڈر گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔
ڈی ایس پی کے مطابق زخمی افراد میں طور سم ، عبدالعزیز ، خان اور الیاس شامل ہیں۔ زخمیوں کو علاج کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خار منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب پولیس نے واقعہ کی تفتیش شروع کردی ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں گاڑی کو زیادہ نقصان پہنچا ہے۔
خیال رہے خیبرپختوںخوا میں ایک بار پھر دہشت گردی کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ روز ضلع خیبر کے علاقے باڑہ بازار میں پولیس تھانے کے قریب خودکش دھماکہ ہوا تھا جس میں تین پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ 2 روز قبل پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 6 میں بھی ایف سی کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکے میں 8 سکیورٹی فورسز زخمی ہوئے تھے جبکہ اس سے قبل پشاور ریگی ماڈل ٹاؤن کے گیٹ پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے میں دو پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوئے تھے۔