جرائم

کوہاٹ سے اغواء ہونے والی خاتون دو بچوں سمیت کراچی سے بازیاب

 

باسط گیلانی

کوہاٹ پولیس نے چار ماہ قبل اغواء ہونے والی خاتون اور اس کے دو بچوں کو کراچی سے بازیاب کرلیا ہے۔ کوہاٹ کے تھانہ ریاض شہید پولیس کے مطابق مبینہ اغواء کار کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

ایس ایچ او تھانہ ریاض شہید اسلام الدین نے ٹی این این کو بتایا کہ 15 مارچ 2023 کو رپورٹ کنندہ ذہین خان نے رپورٹ درج کرواتے ہوئے بتایا کہ اس کی بیوی مسماة (ز) کو ان کے گاوں سے تعلق رکھنے والے نوید خان نے کسی طریقے سے بہلا پھسلا کر گھر سے نکالا اور غائب کر دیا جس کا کوئی سراغ نہیں مل رہا۔

پولیس نے دفعہ 34/109 ، PPC 496- A کے تحت مقدمہ درج کیا۔ ایس ایچ او اسلام الدین کے مطابق ملزم کی ہر طریقے سے مسلسل کھوج لگانے کی کوشش کی گئی تاہم اس کا نمبر مسلسل بند آرہا تھا اس کے بعد پولیس کی تفتیشی ٹیموں نے مسلسل کوششوں سے سراغ لگایا اور اس ضمن میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے کر کراچی روانہ کی گئی۔

کراچی میں کامیاب کارروائی میں ملزم کو گرفتار کرکے خاتون اور دو بچوں انساء عمر 5 سال اور شہاب عمر دو سال کو بازیاب کروا لیا گیا۔ بعد ازاں دونوں کو کوہاٹ منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کو تفتیش کے لیے تفتیشی ٹیم کے حوالے کر دیا گیا۔ اس حوالے سے خاتون کے شوہر ذہین خان نے بتایا کہ ملزم نوید ان کا گاوں والا ہے انہوں نے میری بیوی کو کسی طریقے سے ورغلایا اور بہلا پھسلا کر ساتھ لے گیا تھا ہم نے اس کی ابتدائی رپورٹ گمشدگی کی درج کروائی تھی بعد ازاں معلومات ہونے پر پولیس کو ملزم کے حوالے سے بتایا جنہوں نے بہتر طریقے سے سراغ لگا کر بازیاب کروایا۔

پولیس نے خاتون اور اس کے بچوں کو دارالامان بھیج دیا ہے جبکہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button