سابق ڈپٹی سپیکر محمود جان بابر اور مقامی افراد کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص زخمی
پشاور کے نواحی علاقہ ریگی میں سابق ڈپٹی اسپیکر محمود جان اور مقامی افراد کے درمیان جائیداد کے تنازعہ پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔
فریقین کے مابین شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے اور گندم کی فصل کو بھی آگ لگادی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے واقعے کے بعد بکتر بند گاڑیاں، ریپڈ ریسپارنس فورس اور پولیس نفری علاقے میں پہنچ گئی۔
جانی و مالی نقصان سے بچاؤ کی بھر پور کوشش کی جا رہی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فریقین بھاری ہتھیاروں کا استعمال کررہے ہیں راکٹ لانچر فائر کرنے سے مکان کی چھت منہدم ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
پولیس کے مطابق مضافاتی علاقے ریگی سفید سنگ میں سابق ڈپٹی سپیکر کے پی اسمبلی محمود جان اورعیسیٰ خیل قوم کے درمیان جائیداد کا تنازع کچھ عرصے چلا آرہا ہے۔
اس سے پہلے بھی فریقین کی جانب سے فائرنگ کی گئی تھی جس کی زد میں آکر محمد علی نامی شخص زخمی ہوا تھا، محمد علی کوجب لیڈی ریڈنگ ہسپتال لے جایا جارہا تھا تو وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
بعد ازاں واقعہ کا مقدمہ سابق ڈپٹی سپیکر محمود جان سمیت تین افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا جس میں قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی تھی۔