جرائم

چارسدہ: پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار

چارسدہ: نستہ میں اے ایس آئی سراج خان اور کانسٹیبل اکرام اللہ کے قاتل کو گرفتار کر لیا گیا۔

زرائع کے مطابق نستہ پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کے دوران اے ایس آئی سراج خان اور کانسٹیبل اکرام اللہ کے قتل میں مطلوب اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، ملزم کے قبضہ سے 1 پستول بھی برآمد کیا گیا۔

یاد رہے کہ 29 جولائی 2020 کو انچارج چوکی ترلاندی اے ایس آئی سراج خان اور کانسٹیبل اکرام اللہ نستہ کی رہائشی خاتون کی درخواست پر ملزم طاہر اللہ کی گرفتاری کے سلسلے میں سیپن کورونہ گئے، ملزمان طاہر اللہ عرف ملک ولد ممتاز اور زرک ولد طاہر اللہ ساکنان ترلاندی حال ایوب انصاری ماڈل ٹاؤن نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر فائرنگ شروع کی جس کی زد میں آ کر اے ایس آئی سراج خان موقع پر جبکہ کانسٹیبل اکرام اللہ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوئے۔ پولیس نے فوری طور پر کاروائی کے دوران ملزم زرک کو گرفتار کر لیا تھا تاہم ملزم طاہر اللہ فرار ہو گیا تھا۔

اس سلسلے میں ڈی پی او چارسدہ محمد عارف کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایس پی سرڈھیری صنوبر خان کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ نستہ جوہر شید خان اور دیگر پولیس افسران پر مشتمل ٹیم نے ملزم کی گرفتاری کے لئے مختلف کاروائیاں شروع کیں، اس دوران پولیس نےخفیہ اطلاع ملنے پر ملزم طاہر اللہ ولد ممتاز تک رسائی حاصل کی اور ملزم کو نستہ کی حدود سے بامسلح گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کے قبضہ سے 1 عدد پستول کارتوس سمیت برآمد کرتے ہوئے ملزم کو مزید کاروائی کے لئے تھانہ نستہ منتقل کر دیا جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button