جرائم

کوہاٹ: خواجہ سراء اپنے سگے بھائی کے ہاتھوں قتل

غلام اکبر مروت

کوہاٹ میں خواجہ سراء اپنے سگے بھائی کے ہاتھوں قتل ہو گیا، فائرنگ سے دو ساتھی خواجہ سراء بھی زخمی ہو گئے۔

زرائع کے مطابق نصرت خیل کوہاٹ کے رہائشی خواجہ سراء کو شادی بیاہ کے پروگراموں میں ناچنے پر قتل کیا گیا ہے۔

مقتول کے والد عارف سلیم نے کوہاٹ ہسپتال میں تھانہ محمد ریاض شہید پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ ان کا بڑا بیٹا طارق سلیم خواجہ سراء بن گیا تھا اور ناچ گانے کیلئے دیگر خواجہ سراؤں کے ساتھ تیراہ بازار کوہاٹ میں رہائش پذیر تھا، ہم نے کافی عرصہ پہلے اس کے ساتھ تعلقات ختم کر رکھے تھے، وہ ناچ گانے کے پروگراموں میں ناچتا تھا جبکہ لوگ میرے چھوٹے بیٹے کو طعنے دیتے تھے کہ آپ لوگوں کو شرم نہیں آتی کہ آپ کا بھائی پروگراموں میں ناچتا ہے جس سے تنگ آ کر چھوٹے بھائی آصف سلیم نے فائرنگ کر کے اپنے بڑے بھائی خواجہ سراء طارق سلیم کو قتل کر دیا۔

فائرنگ کے وقت موقع پر موجود دو ساتھی خواجہ سراء بھی شدید زخمی ہو گئے جنہیں زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، زخمی خواجہ سراؤں میں حسین عرف رابعہ اور نیاز عرف نازو شامل ہیں۔

تھانہ ایم آر ایس کوہاٹ میں مقتول کے والد کی مدعیت میں قاتل بیٹے کے خلاف مقدمہ درج، پولیس نے گرفتاری کے لئے چھاپے شروع کر دیئے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button