گوجرانوالہ میں پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی لانگ مارچ کے دوران مبینہ طور پر عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کی گئی ہے جس سے چیئرمین پی ٹی آئی زخمی ہو گئے ہیں جبکہ ایک شخص جاں بحق ہو گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان کی دائیں ٹانگ میں گولی لگی ہے، ان کے علاوہ عمر دار، فیصل جاوید اور احمد چٹھہ سمیت نو سے دس افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
اللہ والا چوک پر فائرنگ کےبعد سکیورٹی اہلکار فوری طور پر عمران خان کے پاس پہنچ گئے اور انہیں حصار میں لے کر بلٹ پروف جیکٹ ان کے سامنے کر دیا، واقعے کے بعد عمران خان کو فوری طور پر کنٹینر سے اتار گاڑی میں بٹھایا گیا اور دیگر زخمیوں سمیت انہیں وزیر آباد ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس زرائع کے مطابق گوجرانوالہ میں اللہ والا چوک میں پی ٹی آئی کے استقبالیہ کیمپ میں فائرنگ کی گئی، فائرنگ کے وقت عمران خان کا کنٹینر بھی اللہ والا چوک میں موجود تھا۔
فائرنگ کے وقت علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی جبکہ موقع پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے دو افراد کو فوری طور پر حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی نے واقعہ کی مذمت کی اور کہا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ناقابل برداشت ہے، ”اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ عمران خان خیریت سے ہیں۔”