لائف سٹائل

بانس سے ماحول دوست ٹوتھ برش بنانے پر پہلا انعام آمنہ آفریدی کے نام

ریاست ہائے متحدہ امریکہ کی مالی اعانت سے فعال، اکیڈمی فار ویمن انٹرپرینوئرز (اے ڈبلیو اِی) کی دوسری کھیپ کے تیس سے زیادہ شرکاء نے اپنے تجارتی منصوبوں کے لیے بنیادی سرمایہ کاری کے لیے 28 اکتوبر کو منعقد ہونے والی مسابقتی سرگرمی میں حصہ لیا۔

پاکستان اور امریکہ سے تعلق رکھنے والی خواتین تاجروں پر مشتمل ججوں کے ایک پینل نے شرکاء کے تجارتی منصوبوں کی جانچ پڑتال اور سماعت کے بعد چار سرفہرست منصوبوں کا انتخاب کیا۔ بنیادی سرمایہ کاری کے حُصول میں اول نمبر   آمنہ آفریدی نے بانس سے ماحول دوست ٹوتھ برش بنانے کے منصوبہ پر حاصل کیا، دوسرے نمبر پر نایاب گل کا سلائی بنائی سے پوشاک کی تیاری کا منصوبہ رہا، خوش بخت حسین کو اضافی غذائی سپلیمینٹس کی فراہمی کے سلسلے میں تیسرا جبکہ آسیہ عمر خان کو صحتمند پکوان اور سکول میں کھانوں کی دستیابی کے تجارتی منصوبوں پر چوتھا نمبر دیا گیا۔

کامیاب ہونے والے چار تجارتی منصوبوں کو پاکستان میں کاروبار کے آغاز یا توسیع کے لیے بالترتیب ساڑھے پانچ ہزار، ساڑھے چار ہزار، ساڑھے تین ہزار اور ڈھائی ہزار ڈالر مالیت کی معاونت فراہم کی جائے گی۔

اے ڈبلیو اِی پروگرام میں شریک ہونے والی 80 خواتین تاجروں نے مستحکم پاکستانی ماہرین تجارت کی نگرانی اور رہنمائی میں 10 ستمبر کو اپنی تربیت مکمل کی اور بعد ازاں تربیتی نصاب میں حاصل کی گئی معلومات کو عملی میدان میں بروئے کار لانے کے لیے بنیادی سرمایہ کاری کے حصول کی مسابقت میں حصہ لیا۔

اس موقع پر امریکی سفارتخانہ کی ڈپٹی قونصلر برائے پبلک ڈپلومیسی جیکلین ڈیلے نے تربیت کی تکمیل پر خواتین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ شرکاء کی کامیابی دراصل پاکستان کی کامیابی ہے اور پاکستان میں متحرک تاجر، کاروباری رہنماء اور معاشی طور پر اثر انداز ہونے والی شخصیت بننے کے لیے خواتین کی معاونت ہمارے لیے باعث فخر ہے۔

واضح رہے کہ اے ڈبلیو اِی ایروزونا اسٹیٹ یونیورسٹی کے تھنڈربرڈ اسکول برائے بین الاقوامی انتظامی اُمور اور امریکی قدرتی وسائل کمپنی فری پورٹ میک مارن کا تیار کردہ تین ماہ پرمُحیط محنت طلب آن لائن تربیتی نصاب ہے جو ڈریم بلڈر پلیٹ فارم استعمال کرتے ہوئے مکمل کیا جاتا ہے۔

اے ڈبلیو اِی تجارت کی خواہاں خواتین کی بنیادی معلومات میں اضافہ، سرمایہ کاری مواقع تک رسائی میں مدد، کاروباری وسعت اور تجارت میں کامیابی کے امکانات روشن کرنے کے مقصد سے ترتیب دیا گیا ہے۔

حال ہی میں امریکی مشن سے منسلک لنکن کارنرز کی ملتان، مظفرآباد، خیرپور اور پشاور میں قائم چار شاخوں نے مقامی خواتین کے لیے اکیڈمی آف ویمن انٹرپرینوئرز کی تربیت کا انعقاد کیا۔

تربیت مکمل کرنے والی خواتین اب امریکی تبادلہ پروگراموں کے بین الاقوامی نیٹ ورک اور پاکستان یو ایس ایلومنائی تنظیم کی بھی رُکن ہیں۔ اس حوالہ سے مزید معلومات امریکی دفتر خارجہ  اور لنکن کارنرز پاکستان کی ویب سائیٹ پر دستیاب ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button