ارشد شریف کی گاڑی سے اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی۔ کینین پولیس کا دعویٰ
کینیا کی پولیس نے ارشد شریف کی موت پر موقف بدلتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ارشد شریف کی گاڑی روکنے والے اہلکاروں پر پہلے فائرنگ کی گئی جس سے ایک کانسٹیبل زخمی ہوا جب کہ جوابی فائرنگ میں ارشد شریف کی موت واقع ہو گئی۔
کینین میڈیا کے مطابق نیروبی میں ارشد شریف کی میزبانی خرم احمد کر رہے تھے، واقعے کے دن ارشد شریف اور خرم احمد نے انٹرٹینمنٹ کمپلیکس میں وقت گزارا تھا، نیروبی سے کچھ دور کاموکورو میں واقع انٹرٹینمنٹ کمپلیکس میں شوٹنگ رینج بھی تھی، یہ شوٹنگ رینج نشانہ بازی کے شوقین پاکستانیوں میں مقبول ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 23 اکتوبر کو درج کی گئی پولیس رپورٹ کے مطابق ارشد شریف کی کار پر فائرنگ ناکہ بندی کی خلاف ورزی پر ہوئی، جس کار کی چوری کی اطلاع پر روڈ بلاک کیا گیا تھا وہ اور ارشد شریف کی کار کی کمپنی مختلف تھی۔
کینین میڈیا نے سوال اٹھایا ہے کہ پولیس نے آفیسرز پر فائرنگ کے باوجود ارشد شریف کی کار کا تعاقب کیوں نہیں کیا؟ اس سے پہلے مگاڈی پولیس کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ارشد شریف کی کار نہ روکے جانے پر فائرنگ کی گئی۔
کینین میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ پولیس کے مطابق فائرنگ کی آواز سن کر خرم احمد نے 26 کلومیٹر دور ٹنگا میں مقیم پاکستانی نقار احمد نامی شخص کو فون کیا، نقار احمد نے خرم احمد کو گاڑی اپنے گھر کی طرف لانے کا کہا (تاہم) جب گاڑی نقار احمد کے گھر پہنچی اس وقت تک ارشد شریف انتقال کر چکے تھے۔
تحقیقاتی کمیٹی کے ارکان کینیا روانہ
سینئر صحافی ارشد شریف کی موت کی تحقیقات کے معاملے پر قائم تحقیقاتی کمیٹی کے ارکان کینیا روانہ ہو گئے، کمیٹی میں ڈائریکٹر ایف آئی اے اطہر وحید اور ڈپٹی ڈائریکٹر آئی بی عمر شاہد شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کیمٹی کے ارکان کینیا میں ارشد شریف کی موت کی تحقیقات کریں گے، کینیا میں پاکستانی ہائی کمیشن کمیٹی ممبران کی معاونت کرے گا۔
خیال رہے کہ وزارت داخلہ نے ارشد شریف کے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کی تھی، گزشتہ روز ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کے ارکان کی تعداد تین تھی جس میں آئی ایس آئی کے کرنل سعد احمد بھی شامل تھے۔
پوسٹ مارٹم مکمل
سینئر اینکر ارشد شریف کا پمز ہسپتال میں پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا جس کے بعد ان کا جسد خاکی قائداعظم ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
قبل ازیں ارشد شریف کا جسد خاکی پاکستان پہنچنے پر گزشتہ شب ان کے اہل خانہ کے سپرد کردیا گیا تھا، جس کے بعد اہل خانہ کی جانب سے لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے کی درخواست کی گئی تھی، جس پر میڈیکل ڈائریکٹر پمز نے پوسٹ مارٹم کے لیے 8 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا۔
ارشد شریف کے اہلخانہ کے مطابق مرحوم کی تدفین جمعرات کو ایچ 11 قبرستان اسلام آباد میں ہو گی۔