نوشہرہ: بھیک مانگنے والے بچوں کے خلاف کریک ڈاؤن
نوشہرہ: تھانہ کینٹ پولیس نے رات گئے بھیک مانگنے والے بچوں کے گروہ کیخلاف کریک ڈاون کیا اور مختلف مقامات پر بھیک مانگنے والے بچوں کو موبائل وین میں ڈال کر تھانہ منتقل کر دیا۔
نوشہرہ پولیس کے مطابق یہ کارروائی عوامی شکایات اور معاشرے میں بدفعلی جیسی برائیوں کی روک تھام کے پیش نظر کی گئی۔
ٹی این این کے ساتھ گفتگو میں پولیس نے بتایا کہ بھیک مانگنے والے ان بچوں کی عمریں ڈھائی سے سات سال کے درمیان ہیں، ان کے والدین کو تھانے بلوا کر آئندہ کیلئے اپنے بچوں کو باہر نا چھورنے کا پابند کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ کل پرسوں دنیا بھر میں بچوں سے مشقت کروانے کے خلاف عالمی دن بنایا گیا، اس دن کا مقصد چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے ضروری اقدامات اور کوششوں پر توجہ مرکوکرنا ہے۔
یونائٹیڈ نیشن کی رپورٹ کے مطابق پوری دنیا میں تقریباً 218 ملین بچے بطور چائلڈ لیبر کام کر رہے ہیں، جن میں سے بہت سے کل وقتی یا مستقل طور پر ہیں۔ ان میں سے نصف سے زیادہ بچے مزدوری کی بدترین شکلوں جیسے خطرناک ماحول میں کام، غلامی، یا جبری مشقت کی دیگر اقسام، منشیات کی اسمگلنگ اور جسم فروشی سمیت غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں چائلڈ لیبر کی صورتحال مزید بدتر ہے۔ ملک میں چائلڈ لیبر کے حوالے سے اب بھی 1996 سروے رپورٹ کا حوالہ دیا جاتا ہے جس کے مطابق 3.3 ملین بچے چائلڈ لیبر ہیں۔ اسی سروے رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں یہ تعداد 1.1 ملین ہے جس میں قبائلی اضلاع شامل نہیں۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا میں بچوں کے تحفظ کا قانون چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ 2010 کی سزاؤں اور جرمانوں کو حال ہی میں مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
نئی ترامیم کے بعد اب بچوں سے زیادتی کی سزا عمر قید، سزائے موت اور 50 لاکھ روپے، زیادتی کے وقت ویڈیو بنانے والے ملزم پر 20 سال قید اور 70 لاکھ روپے جبکہ زیادتی کی ویڈیو شیئر کرنے والے کو بھی 10 سال قید، 20 لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے گا۔ اسی طرح جدید آلات کی شہادت مثلاً ڈی این اے رپورٹ اور ویڈیو کو عدالت میں بطور ثبوت تسلیم کیا جائے گا، بچوں کے ساتھ ہر قسم کے جرائم ناقابل معافی ہوں گے، بچوں سے زیادتی کے ملزم پر جرم ثابت ہونے کے بعد اُسے سماجی طور پر الگ تھلگ رکھنے کے لیے سزایافتہ مجرم کے عوامی مقامات، ٹرانسپورٹ، پارکس میں داخلے پر پابندی ہو گی جبکہ پولیس زیادتی کے مرتکب افراد کے نام رجسٹرڈ کر کے ویب سائٹ پر مشتہر کرے گی۔