جرائم

لکی مروت میں مبینہ مقابلہ، پولیس کا دو دہشت گرد ہلاک کرنے کا دعویٰ

غلام اکبر مروت

سی ٹی ڈی بنوں ریجن نے گزشتہ رات لکی مروت میں اہم کاروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کیا ہے۔
سی ٹی ڈی کی طرف سے جاری کردہ معلومات کے مطابق مصدقہ اطلاع پر کل رات تھانہ لکی کی حدود وانڈہ امیر روڈ پر دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔

دہشتگردوں نے چھاپہ مار ٹیموں پر اچانک اندھا دھند فائرنگ کردی جوابی فائرنگ میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضہ سے 2 عدد کلاشنکوف ، 6 عدد میگزینز اور کافی تعداد میں کارتوس اور 2 بنڈولوئر شناختی کارڈ، نقد رقم، مختلف قسم کارڈز، اور ایک عدد بوری برنگ سفید جس میں بارودی مواد دیسی خود ساختہ آئی ای ڈی اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔

جبکہ دیگر دہشتگرد رات کے تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ دہشتگرد لکی مروت میں ڈیڑھ ماہ پہلے پولیس موبائل پر حملے میں بھی ملوث تھے۔ پولیس موبائل پر حملے میں چار پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے۔
سی ٹی ڈی پولیس بنوں کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد دوہفتے قبل آئی بی کے سب انسپکٹر خان بہادر کو شید کرنے میں بھی ملوث تھے۔ سی ٹی ڈی پولیس کی جانب سے بتایاگیا ہے کہ ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری ، بم دھماکوں اور پولیس موبائل پر حملے میں بھی سی ٹی ڈی بنوں کو مطلوب تھے۔

ہلاک دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم TTP کمانڈر ہارون عرف ضرار گنڈاپور گروپ سے ہے. فرار دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے سرچ اپریشن جاری ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button