جرائم

حیات آباد: معمولی تکرار پر دکاندار کی فائرنگ سے نوجوان قتل

پشاور کے علاقہ حیات آباد میں معمولی تکرار پر دکاندار نے جوان سال لڑکے کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو آلہ واردات سمیت گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی۔

عمر ولد امان اللہ ساکن ڈیرہ اسماعیل خان حال فیز 3 نے رپورٹ درج کراتے ہوئے حیات آباد پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز وہ اپنے بھائی عثمان کے ہمراہ جنرل سٹور سے خریداری کر رہا تھا کہ اس دوران اُس کے بھائی کی دکاندار سے کسی بات پر تکرار ہوئی جس کے دوران اُس نے پستول نکال کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں اُس کا بھائی لگ کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کے مطابق اطلاع پر فوری کارروائی کے دوران قتل میں ملوث ملزم تیمور ولد نصر اللہ کو واردات میں استعمال ہونے والی پستول سمیت گرفتار کر کے نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی اور مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا۔

دیرینہ عداوت پر مخالفین کے گھر دستی بم حملہ

اسی طرح پشاور ہی کے علاقہ بھانہ ماڑی حمید آباد میں دیرینہ عداوت پر مسلح افراد نے اپنے مخالفین کے گھر پر فائرنگ کرتے ہوئے دستی بم سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں مکان کو جزوی نقصان پہنچا تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

فواد ولد فیاض احمد ساکن کتوزئی شبقدر حال حمید آباد نے رپورٹ درج کراتے ہوئے بھانہ ماڑی پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز اُن کے مخالفین ہلال، حبیب اور ذوہیب پسران بختیار ساکنان کتوزئی شبقدر نے اُس کے گھر پر ڈرانے دھمکانے کی خاطر فائرنگ کی اور دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے، بم پھٹنے سے مکان کو جزوی نقصان پہنچا تاہم اہل خانہ محفوظ رہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

راہزنی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ، ایک شخص زخمی

دوسری جانب تھانہ انقلاب کی حدود ڈاکٹر قلعہ میں راہزنی کی مبینہ واردات کے دوران مزاحمت پر ایک شخص کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا گیا جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہو گئے۔

عبد الرحمن ولد عبد الولی ساکن ڈاکٹر قلعہ نے زخمی حالت میں بیان دتے ہوئے انقلاب پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز وہ اپنے گھر کے قریب موجود تھا کہ اس دوران موٹرسائیکل سوار دو نامعلوم افراد نے اُسے یرغمال بنانے کی کوشش کی جبکہ مزاحمت پر انہوں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ لگ کر زخمی ہو گیا جسے مقامی افراد نے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

خاتون سمیت دو افراد اندھی گولی کا نشانہ بن گئے

اسی طرح پشاور ہی میں مختلف مقامات پر خاتون سمیت 2 افراد ہوائی گولیوں کی زد میں آ کر زخمی بھی ہوئے۔

مسماة نورمینہ دختر گل اعظم ساکن افغانستان حال اتوزئی پلوسئی نے بیان دیتے ہوئے تہکال پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز وہ گھر کے صحن میں کام کر رہی تھی کہ اس دوران نامعلوم سمت سے فائر کی گئی گولی اسے آن لگی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئی۔

دریں اثناء محمد جلال ولد عزیز الرحمن نے زخمی حالت میں بیان دیتے ہوئے بڈھ بیر پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز وہ اپنی دکان کے باہر موجود تھا کہ اس دوران اندھی گولی کی زد میں آ کر زخمی ہو گیا، بعدازاں بھائی اور دوست نے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button