مہمند: اراضی تنازعہ پر مسلح تصادم، باپ بیٹے سمیت 3 افراد جاں بحق
ضلع مہمند تحصیل حلیم زئی کے علاقہ بابی خیل مٹین کور میں اراضی تنازعہ پر دو فریقین کے مابین فائرنگ تبادلہ میں باپ بیٹے سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
تحصیل حلیم زئی کے علاقہ میل مٹین کور میں دو فریقین رسول خان اور زیور شاہ کے درمیان تین سال سے زمین کا تنازعہ چلا آ رہا تھاجس کے نتیجے میں دونوں فریقین نے اتوار کے روز ایک دوسرے پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں رسول خان ولد خائستہ گل سکنہ بابی خیل، ابرہیم ولد رسول خان سکنہ بابی خیل اور دوسرے فریق سے زیور شاہ سکنہ مٹین کور جان بحق جبکہ صدیق ولد رسول خان اور ارشاد ولد زیور شدید زخمی ہو گئے، جنہیں علاج کے لیے ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دی اور مقدمہ درج کر کے مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کر دیا۔
خیال رہے کہ فاٹا انضمام کے بعد قبائلی اضلاع میں جگہ جگہ قبیلوں کے درمیان زمینی تنازعات سامے آئے ہیں، گزشتہ روز پولیس سٹیشن وانا کے قریب 2 سو گز کے فاصلے پر دو قبیلوں کے مابین ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کے آزادنہ استعمال سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 راہگیر سمیت 3 افراد شدید زخمی ہو گئے تھے۔