برطانیہ سے خیبرپختونخوا آنے والے 101 افراد کی تلاش شروع
برطانیہ سے خیبرپختونخوا واپس آنے والے 101 افراد کی تلاش شروع کردی گئی۔ محکمہ صحت کے مطابق برطانیہ سے آنے والے افراد کوتلاش کرکے ان کے کورونا ٹیسٹ کروائے جائیں گے، حالیہ دنوں میں مردان، ایبٹ آباد، سوات، نوشہرہ سمیت 12 اضلاع میں برطانیہ سے لوگ واپس آئے، پشاور کے مزید چار علاقوں میں بدھ کے روز سے سمارٹ لاک ڈاؤن لگادیا گیا ہے۔
برطانیہ میں کورونا وائرس کی خطرناک قسم سامنے آنے کے بعد وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا حکومت کو برطانیہ سے واپس آنے والے افراد کی تفصیلات فراہم کردیں جس کے بعد صوبائی حکومت نے ان افراد کی کھوج شروع کردی۔
وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا حکومت کو واپس آنے والے افراد کی تفصیلات بھی فراہم کردی ہیں جبکہ 101 افراد کی تلاش کے لیے محکمہ صحت اور ڈپٹی کمشنرز کو خط ارسال کردیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پشاور، مردان، ابیٹ آباد، سوات ،نوشہرہ سمیت 12 اضلاع میں برطانیہ سے لوگ واپس آئے جنہیں تلاش کرکے ان کے کورونا ٹیسٹ کروائے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق جن افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ان کو قرنطینہ کیا جائے گا۔ محکمہ صحت کے مطابق برطانیہ میں پھیلا کورونا وائرس بہت خطرناک ہے جو متاثرہ شخص کے ذریعے تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔