مہمند اور تورغر میں پہلی بار منعقدہ انڈر 16 اور 19 ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ٹرائلز مکمل
سی جے رب نواز یوسفزئی
ضلع تور غر کی تاریخ میں پہلی بار ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے انڈر 16 ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ٹرائلز مکمل ہو گئے۔
ڈسٹرکٹ سپورٹس افسر عثمان سعید کی نگرانی میں مختلف کیٹیگریز کے ٹرائلز منعقد ہوئے جس میں بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔
یاد رہے یہ تورغر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ یہ ٹرائلز منعقد ہوئے اور نیا ٹیلنٹ سامنے آیا۔ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں شامل کھیلوں میں بیڈ منٹن، اتھلیٹکس، والی بال، فٹ بال شامل ہیں۔
ٹرائلز بمورخہ 28 ستمبر 2020 بروز پیر پولیس گراؤنڈ جدبا میں منعقد ہوئے اور پشاور سے آئے ہوئے کوچز نے صبح 10 بجے سے لیکر شام 4 بجے تک نوجوانوں سے ٹرائلز لئے جن میں مختلف کیٹگریز میں نیا ٹیلنٹ سامنے آیا۔
ایتھلیٹکس میں نورین شاہ اور بہر الاسلام کا انتخاب ہوا، بیڈمنٹن میں شاہ خالد، فٹبال میں وسیم خان اور ولی بال میں ابرار شاہ کامیاب رہے۔
ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عثمان سعید کا شرکا سے کہنا تھا کہ محنت پر یقین رکھیں اور آگے بڑھنے کی لگن دل میں زندہ رکھیں، وہ دن دور نہیں جب تورغر جیسے علاقے کے کھلاڑی ملکی لیول پر نظر آئیں گے اور ہم انشاللہ کھیلوں کی مزید سہولیات دے رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کو بہتر ماحول مل سکے۔
دوسری جانب ضلع مہمند میں انڈر 16 اور انڈر 19 کھلاڑیوں کے ٹرائل مکمل کر لئے گئے ہیں۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق ڈائریکٹر جنرل جناب اسفندیار خان ڈائریکٹر سپورٹس محمد نواز کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر سپورٹس مرجڈ ایریااور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس مہمندکے زیر اہتمام انڈر 19اور انڈر 16 کھلاڑیوں کے ٹرائلز اختتام پذیر ہو گئے ہیں۔
ان ٹرائلز میں ضلع کے تمام تحصیلوں سے کثیر تعداد میں کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ان ٹرائلز میں اتھلیٹکس, والی بال, باسکٹ بال, فٹ بال اور ہاکی شامل تھے جن میں انڈر 19 کیلئے ضلعی سطح پر ٹیموں کا انتخاب کیا گیا جو کہ قبائلی اضلاع کے سپورٹس چیمپئن شپ میں حصہ لیں گے۔
اس کے علاوہ انڈر 16 ٹیلنٹ ہنٹ کے تحت سولہ سال سے کم عمر کھلاڑیوں کا بھی انتخاب کیا گیا جن میں والی بال, بیڈمنٹن, ہاکی, فٹ بال, اتھلیٹکس کے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا۔