رعناز
ہر سال جب جون کا مہینہ آتا ہے تو ہمارے ملک کے مختلف میڈیا چینلز پر بجٹ کے حوالے سے خبریں آتی رہتی ہے۔ ملک بھر میں ایک ہنگامہ سا مچا رہتا ہے کہ بجٹ پیش ہونے والا ہے۔ ہر ایک سرکاری ملازم اسی سوچ میں ڈوبا رہتا ہے کہ بجٹ میں ہماری تنخواہ میں کتنے فیصد اضافہ ہوگا اور یہ فکر اور سوچ بجا بھی ہے کیونکہ آج کل مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔
خیر یہ تو ہو گئی مہنگائی کی باتیں اب چلتے ہیں اپنے بلاگ کے عنوان کی طرف جو کہ ہے بجٹ۔ بہت سارے لوگ ایسے ہوں گے جن کو پتہ ہی نہیں ہوگا کہ ایک ملک کے بجٹ سے کیا مراد ہے ؟ بجٹ کیا ہوتا ہے؟ کس لیے مختص کیا جاتا ہے ؟اس کی کون کون سی اقسام یا حصے ہیں۔
تو آئیے پہلے یہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ آخر یہ بجٹ ہے کیا؟ حکومتی بجٹ بنیادی طور پر کسی حکومت کی آمدنی اور اخراجات کا مالیاتی مجموعہ ہوتا ہے یا ہم بجٹ کی تعریف اس طرح بھی کر سکتے ہیں کہ بجٹ کسی ملک کی وہ سالانہ منصوبہ بندی ہوتی ہے جس میں ٹیکسز سے حاصل ہونے والی رقم کو ملک کے مختلف شعبوں اور منصوبوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ بجٹ جون میں پارلیمنٹ میں پیش کیا جاتا ہے۔ اسمبلی کے اراکین اس بجٹ پر مختلف تجاویز پیش کرتے ہیں جس میں پھر کچھ تجاویز منظور کی جاتی ہے اور کچھ نہیں اور اخر میں بجٹ اسمبلی سے منظور ہو جاتا ہے۔
ادھر ایک اہم بات میں واضح کرنا چاہوں گی کہ اسمبلی کے اراکین جو کہ تجاویز پیش کرتے ہیں تو ہم شہریوں کو اپنے مسئلے مسائل جس کے لیے بجٹ کی ضرورت ہوتی ہے ان اراکین کو بتانے چاہیے۔ وہ آگے جا کر اسمبلی میں بجٹ کے لیے تجاویز پیش کریں گے اور ہمارے علاقے کے مسائل حل ہوں گے۔ وہ اراکین بجٹ میں اپنے علاقے کے ترقیاتی کاموں کو سرانجام دینے کے لیے تجاویز پیش کریں گے اور ان کاموں کے لیے بجٹ منظور کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ جیسے کہ صاف پانی کی فراہمی ،سکول بنانا، صحت کے مسائل، صفائی کے مسائل وغیرہ وغیرہ۔
بجٹ کے حوالے سے میں زیادہ تر یہ دو لفظ سنتی ہوئی آرہی ہوں کہ ایک ترقیاتی بجٹ ہوتا ہے اور ایک غیر ترقیاتی بجٹ۔ دراصل یہ دونوں بجٹ کی اقسام یا حصے ہوتے ہیں۔ ان دونوں میں اچھا خاصا فرق بھی ہے۔ آئیے سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں کہ ترقیاتی بجٹ کیا ہوتا ہے اور غیر ترقیاتی بجٹ کیا ہوتا ہے؟
ترقیاتی بجٹ وہ بجٹ ہوتا ہے جو تعمیراتی یا خریداری کے کاموں کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر کسی سکول یا کسی سڑک کے بنانے کے لیے جو بجٹ استعمال ہوگا وہ ترقیاتی بجٹ ہے۔
غیر ترقیاتی بجٹ وہ بجٹ ہوتا ہے جو کہ ان اخراجات کے لیے مختص ہوتا ہے جو ہر سال ہوتے ہیں ۔مزید یہ کہ کسی بھی ادارے کو قائم رکھنے اور اس کے کام کو روکنے کے بغیر جاری رکھنے کے لیے غیر ترقیاتی بجٹ استعمال ہوتا ہے۔ جیسے کہ تنخواہ ہے، گیس، پانی ،بجلی اور اسٹیشنری کی لاگت وغیرہ۔ یہاں پر یہ سوال سامنے آتا ہے کہ ترقیاتی بجٹ زیادہ ہوگا یا غیر ترقیاتی بجٹ ؟ آئیے یہ بھی آپ کو بتاتی چلوں۔
غیر ترقیافتہ بجٹ کل بجٹ کا تقریبا 70 سے 80 فیصد تک ہوتا ہے اور ترقی یافتہ بجٹ کل بجٹ کا 20 سے 30 فیصد حصہ ہوتا ہے۔
لہذا ہم جس ملک میں رہ رہے ہیں تو ہمیں یہ پتہ ہونا چاہیے کہ اس ملک کا بجٹ کیا ہوتا ہے ؟ کیسے ہوتا ہے؟ کب پیش ہوتا ہے؟ کتنے حصوں میں تقسیم ہوتا ہے؟ ہمیں اپنے مسائل کے حوالے سے آواز اٹھانی چاہیے۔ اپنے علاقے کے مقرر کردہ اسمبلی اراکین کے سامنے اپنے مسائل پیش کرنے چاہیے تاکہ وہ اسمبلی میں ہمارے لیے آواز اٹھائیں۔
رعناز کپس کالج مردان کی ایگزیم کنٹرولر ہیں اور صنفی اور سماجی مسائل پر بلاگنگ بھی کرتی ہیں۔