بلاگز

کیا واقعی نازیہ حسن کو شوہر نے زہر دے کر مارا تھا؟

رانی عندلیب

ڈیسکو دیوانے، آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے تو بات بن جائے، آنکھیں ملانے والے دل کو چرانے والے، یہ اور ان جیسے کئی دیگر خوبصورت گیتوں کی ملکہ، نازیہ حسن، کو ہم سے بچھڑے ہوئے 21 برس بیت گئے۔

پاکستان کی مایہ ناز گلوکارہ نازیہ حسن کے مرنے کے 21 سال بعد اس کے بھائی زوہیب حسن نے یہ انکشاف کیا ہے کہ نازیہ حسن کو اس کے شوہر نے زہر دے کر مارا جبکہ نازیہ حسن کے شوہر اشتیاق بیگ نے کہا کہ نازیہ حسن سے محبت کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ اس نے آج تک دوسری شادی نہیں کی اور شادی کے بعد نازیہ حسن نے سنگنگ کو خیر باد کہہ دیا تھا جس کا زیادہ نقصان زوہیب حسن کو ہوا تو اس وجہ سے زوہیب حسن اور اشتیاق بیگ کے تعلقات خراب ہو گئے تھے۔

اشتیاق بیگ کا مزید کہنا تھا کہ سب کو پتہ ہے کہ نازیہ حسن پھیپھڑوں کے مرض (کینسر) میں مبتلا تھیں اور اس وجہ سے ان کی ڈیتھ ہو گئی تھی۔

نازیہ حسن 3 اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں اور 13 اگست 2000 کو 35 برس کی عمر میں لندن میں انتقال کر گئیں۔ نازیہ حسن کا ایک بھائی اور ایک چھوٹی بہن تھی، 1995 میں شادی ہوئی اور ایک بیٹا ہے۔ نازیہ حسن کو اللہ نے خوبصورت آواز کے ساتھ ساتھ سدا بہار حسن سے بھی نوازا تھا۔

نازیہ حسن نے 1970 میں چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر پی ٹی وی کے ایک پروگرام سے اپنے فنی کرئیر کا آغاز کیا تھا۔ 80 کی دہائی میں پاپ موسیقی کو پروان چڑھانے والی نازیہ حسن ہی تھیں جن کی منفرد آواز اور لازوال حسن نے سب پر جادو کر دیا تھا۔ نازیہ حسن اور زوہیب حسن کی جوڑی جنوبی ایشیاء میں جدید موسیقی کے انقلاب کا باعث بنی، یہ دونوں اس خطے میں پاپ موسیقی کے بانیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ نصف صدی سے رائج موسیقی کی روایت کو ان دونوں بھائی بہن نے بدلا۔

نازیہ حسن نے گانا "آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے” انڈین فلم ”قربانی” کے لیے گایا تھا۔ یہ گانا گا کر نازیہ حسن ایسی چھا گئیں کہ آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ اس گانے پر 1980 میّں بہترین گلوکارہ کا ایوارڈ جیت لیا اور یہ پہلی پاکستانی گلوکارہ تھیں جنھیں فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

”ڈیسکو دیوانے” 1981 میں نازیہ حسن اور زوہیب حسن کا پہلا البم تھا، البم کے ریلیز کے پہلے دن ہی ممبئی میں ایک لاکھ کاپیاں فروخت ہوئیں جو ایک ریکارڈ تھا۔ یہ البم 14 ممالک میں پہلے نمبر پر تھا اور اس کی ایک کروڑ چالیس لاکھ کاپیاں فروخت ہوئیں جو اس وقت ایک بڑا ریکارڈ تھا۔

نازیہ حسن نے امریکن سکول سے گریجویشن کرنے کے بعد لندن سے بزنس قوانین میں ڈگری حاصل کی، وہ انتہائی ذہین، حساس اور اعلی انسان تھیں، انسانوں کی محرومیوں خاص طور پر بے سہارا بچوں کا ہر وقت خیال رہتا تھا۔

لندن سے معاشیات اور قانون کی  تعلیم مکمل کرنے کے بعد اقوام متحدہ کے مختلف منصوبوں کے لیے کام کرتی رہیں، وہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسف کے لیے اور بچوں کے حقوق اور تعلیم کی برانڈ ایمبیسڈر بھی رہیں۔ مرنے سے دس دن پہلے اپنے شوہر سے طلاق لی تھی۔

حسن کی ملکہ نازیہ حسن 13 اگست 2000 کو اس دنیا سے رخصت ہو گئیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button