بلوچستانقومی

گوجرانوالہ میں سلنڈر، کوئٹہ میں بم دھماکے، 11 افراد جاں بحق 18 زخمی

کوئٹہ میں دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور 5 اہلکاروں سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے جبکہ گوجرانوالہ میں وین کا سلنڈر پھٹنے سے 9 افراد جاں بحق اور سات زخمی ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کوئٹہ کے سرینا چوک کے قریب موٹر سائیکل میں نصب بم دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید جب کہ 5 اہلکاروں سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں پولیس وین کو نشانہ بنایا گیا ہے جب کہ پولیس اور فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے سرینا چوک کے قریب بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے 2 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گرد عناصر صوبے کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں، دہشت گردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

دریں اثنا کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ میں بھی دھماکے ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا جب کہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے۔

وین میں سلنڈر دھماکہ

میڈیا رپورٹس کے مطابق گوجرانوالہ میں ڈی سی کالونی کے قریب مسافر وین میں سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں نو افراد جھلس کر موقع پر ہی جاں بحق جب کہ سات زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، وین میں سلنڈر پھٹنے کے باعث جی ٹی سڑک بلاک ہو گئی، ریسکیو ٹیم اور پولیس کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وین میں سلنڈر پھٹنے سے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اور آر پی او سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی جامع تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button