جرائمخیبر پختونخواعوام کی آواز

پشاور تیزاب گردی واقعہ، پولیس نے نامزد ملزم کو گرفتار کرلیا

سلمان یوسفزئی

پشاور آبدرہ روڈ پر رکشے میں سوار خواتین پر تیزاب پھینکنے کے واقعے میں اہم پیش رفت، پولیس نے ایف آئی آر میں نامزد ملزم طارق کو گرفتار کرلیا۔

سی سی پی او قاسم علی خان کے مطابق ملزم طارق کو کارخانوں مارکیٹ سے گرفتار کیا گیا ہے اور ملزم سے واردات میں استعمال کی جانے والی موٹرسائیکل بھی برآمد کی گئی ہے۔

سی سی پی او کے بقول گرفتار ملزم متاثرہ خاتون کے سابق شوہر کا ساتھی ہے جبکہ ملزم کے دوسرے ساتھی کی تلاش جاری ہے۔

تیزاب گردی کا واقعہ کیسے پیش آیا؟

یونیورسٹی ٹاؤن پولیس کے مطابق گزشتہ روز پشاور آبدرہ روڈ پر رکشہ میں سوار فیملی پر تیزاب پھینکنے کا واقعہ پیش آیا۔ واقعہ میں خاتون سمیت چار افراد جھلس کر زخمی ہوگئے تھے جن کو علاج کے بعد گھر بھیج دیا ہے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون گزشتہ روز نجی ہاسٹل کے قریب رکشہ میں سوار ہو کر کچھ کام کے لئے جارہی تھیں کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نے رکشہ کے قریب آ کر ان پر تیزاب پھینک دیا اور فرار ہوگئے۔ خاتون نے تیزاب گردی کے واقعہ کا الزام اپنے سابقہ شوہر پر لگایا تھا اور کہا ہے کہ مجھے معلوم ہے کہ یہ کام میرے شوہر اور اس کے ڈرائیو کی ایما پر ملزمان نے کیا ہے کیونکہ اس سے قبل شوہر نے مجھے بار بار جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے دوران خواتین پر تیزاب پھینکنے کا یہ دوسرا واقعہ پیش آیا ہے۔ اس قبل بھی پشاور رنگ روڈ پر نوجوان نے جواں سالہ لڑکی پر تیزاب پھینک کر زخمی کردیا تھا جس کے بعد پولیس نے لڑکی پر تیزاب پھینکنے کے الزام میں ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔

تاہم اس واقعہ کے بعد شہریوں اور خصوصی طور پر خواتین میں تیزاب گردی کے واقعات کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے اور وہ اس واقعات کی روک تھام نہ ہونے کی وجہ سے خود کو غیر محفوظ سمجھتی ہیں۔

Show More

Salman

سلمان یوسفزئی ایک ملٹی میڈیا جرنلسٹ ہے اور گزشتہ سات سالوں سے پشاور میں قومی اور بین الاقوامی میڈیا اداروں کے ساتھ مختلف موضوعات پر کام کررہے ہیں۔

متعلقہ پوسٹس

Back to top button