بشکیک سے مزید 287 طلبہ کی آمد
بشکیک سے 287 طلبہ کو لیکر خیبر پختونخوا حکومت کی خصوصی پرواز پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر گزشتہ شب لینڈ کر گئی. وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور پشاور ائیر پورٹ پر طلبہ کا استقبال کیا.
ان پانچ خصوصی پروازوں پر 14 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئی ہے۔ ان طلبہ میں خیبر پختونخوا کے علاوہ پنجاب، سندھ اور آزاد کشمیر کے طلبہ بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کرغستان کے دارلحکومت بشکیک میں مقامی طلبہ کی جانب سے غیر ملکی طلبہ پر حملے کئے گئے تھے جس کے نتیجے میں متعدد غیر ملکیوں سمیت کم از کم 14 پاکستانی طلبہ کو زخمی کیا۔
اسی اثنا میں تمام غیر ملکی طلبہ کو اپنے اپنے ہاسٹلز اور گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت دی گئی تھی مگر حالات کی کشیدگی کے پیش نظر خیبر پختونخوا سے پاکستانی طلبہ کو واپس لانے کے لئے خصوصی پروازوں کا بندوبست کیا گیا۔
واضح رہے کہ کرغستان کی مختلف یونیورسٹیوں میں 12 ہزار پاکستانی طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں,اور خیبر پختونخواہ حکومت کی جانب سے اب تک پانج خصوصی پروازوں کے ذریعے کل 1450 طلبہ کو وطن واپس لایا گیا ہے۔