پشاور، لوڈشیڈنگ سے تنگ عوام نے خود گرڈ اسٹیشن میں گھس کر بجلی کھول دی
پشاور میں بجلی لوڈشیڈنگ سے تنگ آئے شہریوں کا پارا ہائی ہو گیا۔ ہزار خوانی کے رہائشیوں نے ایم پی اے فضل الہی کی قیادت میں رحمن بابا گرڈ سٹیشن پر دھاوا بول دیا۔ مظاہرین نے گرڈ سٹیشن زبردستی بند کروادیا۔
بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف ہزار خوانی کے رہائشی سڑکوں پر نکل آئے۔ رکن صوبائی اسمبلی فضل الہی کی قیادت میں مظاہرین نے رحمان بابا گرڈ سٹیشن پر دھاو ا بول کر زبردستی بجلی بحال کر دی۔ مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے رنگ روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا۔ رکن صوبائی اسمبلی فضل الہی کا کہنا تھا کہ گھنٹوں گھنٹوں بجلی غائب رہتی ہے۔ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے پیسکو حکام کو ڈیڈ لائن دی تھی جب تک بجلی لوڈشیڈنگ ختم نہیں کی جاتی ہم گرڈ سٹیشن کا گھیراﺅ ختم نہیں کرینگے۔ مظاہرے کے باعث پولیس کی بھاری نفری گرڈ سٹیشن کے باہر موجود رہی۔
دوسری جانب رحمان بابا گرڈ سٹیشن پر مظاہرین کے دھاﺅے سے متعلق ترجمان پیسکو کا بیان سامنے آگیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے زبردستی 9فیڈرز چالو کرائے جو ہائی لاسز فیڈرز میں شمار ہوتے ہیں۔
ان فیڈر ز میں ہزارخوانی، یکاتوت، اخون آباد، نیو چمکنی، سوڑیزئی بالا، شالوذان اور قلندرآباد شامل ہیں۔ مذکورہ فیڈرز پر بجلی چوری اور واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے لاسز 80 فیصد سے زائد ہیں اور پیسکو کی جانب سے مذکورہ فیڈرز پر لاسز کم کرنے کیلئے آپریشن جاری ہیں۔