لائف سٹائل

طورخم بارڈر پر افغانستان سے چھوٹے جانوروں کی درآمد کی اجازت دی جائے، قبائلی عمائدین

 

محراب شاہ آفریدی
بارڈر پر تجارت کو سیاست سے الگ رکھیں، قبائلی عوام کی خوشحالی کا دارومدار بارڈر کے راستے تجارت پر ہے، صرف طورخم بارڈر پر مشکلات سمجھ سے بالاتر ہیں، دنبوں کی درآمد پر عائد پابندی اٹھائی جائے۔  ان خیالات کا اظہار تحصیل چیئرمین شاہ خالد، قبائلی سردار ملک ماصل خان،جماعت اسلامی کے مراد حسین آفریدی، پی ٹی ائی کے ضرب اللہ اور سماجی کارکن نجیب خاوریچن نے لنڈی کوتل پریس کلب ڈسٹرکٹ خیبر میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ طورخم سرحد کے راستے افغانستان سے قربانی کے لئے چھوٹے جانوروں،دنبوں اور بکروں کی درآمد کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 5 سالوں سے افغانستان سے طورخم کے راستے قربانی کے جانوروں کی درآمد بند ہے جس کی وجہ سے لنڈی کوتل اور دیگر اضلاع میں قربانی کے جانور بہت مہنگے ہو گئے ہیں اور غریب لوگوں کی قوت خرید سے باہر ہیں۔

قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ وہ اس ضمن میں حکومت پاکستان اور بارڈر سیکیورٹی حکام اور کسٹم حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دنبوں کی درآمد کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کریں۔ شرکاء نے کہا کہ بارڈر کے راستے اسمگلنگ کی اجازت تو ہے لیکن سنت ابراہیمی کے لئے دنبوں کی درآمد پر پابندی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی ادارے ،حکومت اور کسٹم حکام مقامی لوگوں کی خوشحالی کے لئے آسانیاں پیدا کریں۔ مشکلات پیدا کرنے سے قومی خزانے کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کی طرف سے کوئی مشکل نہیں اس لئے یہاں کی حکومت بھی قبائلی عوام کی ترقی اور خوشحالی میں تعاؤن کریں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button