ٹانک اور خیبر میں دہشت گردوں کے حملے، پانچ سکیورٹی اہلکار جاں بحق
ٹانک میں دہشت گردوں نے پولیس لائن پر حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں تین اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
ڈی پی او ٹانک افتخار شاہ کے مطابق دہشت گردوں نے رات تین بجے حملہ کیا۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ اب تک دو دہشت گردوں کو مار دیا گیا ہے۔ ڈی پی او کے مطابق ایک دہشت گرد اب بھی پولیس لائن میں موجود ہے جسکے خلاف آپریشن جاری ہے۔ پولیس لائن میں دو دھماکوں کی اوازیں بھی سنی گئی ہیں۔
دوسری جانب ضلع خیبر ملک دین خیل نالہ خوڑ میں پولیس اور ایف سی کنسٹیبلری کی چیک پوسٹ پر عسکریت پسندوں کے حملے میں دو اہلکار جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 6 اہلکار شدید زخمی ہوئے۔، زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق باڑہ کے نواحی علاقے نالہ خوڑ میں ایف سی کنسٹیبلری پلاٹون نمبر 429 اور پولیس کی مشترکہ چیک پوسٹ پر جمعے کی شب رات 3 بجے کے قریب عسکریت پسندوں نے بھاری ہھتیاروں سے حملہ کیا۔
دوطرفہ فائرنگ میں ایف سی کنسٹیبلری کے 2 اہلکار نائک مراد او غفار جان کی بازی ہار گئے جبکہ نائب صوبیدار شفیع الرحمن، سپاہی شفیع اللہ، سپاہی الیاس، سپاہی صدام، سپاہی لقمان کے علاوہ ایک پولیس اہلکار طارق شدید زخمی ہوگئے۔ خیبر ریسکیو 1122 کے عملے نے زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا تاہم سیکورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر نامعلوم عسکریت پسندوں کیخلاف سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
یاد رہے چند روز قبل ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی سکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران 27 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا تھا جب کہ اس دوران پاک فوج کے 23 جوان جاں بحق ہوگئے تھے۔