لائف سٹائل

ڈیرہ اسماعیل خان کی لڑکی کا بھارتی لڑکے سے رشتہ طے پا گیا، بھارت پہنچ گئی

 

رضوان محسود

پاکستانی لڑکی کا بھارتی لڑکے سے رشتہ طے پا گیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والی لڑکی کو بالاخر ویزہ مل گیا۔ دونوں کی منگنی ہوگئی، شادی جنوری کے پہلے ہفتے میں بھارتی شہر کلکتہ میں ہوگی۔
پانچ سال انتظار کرنے کے بعد بالاخر پاکستانی لڑکی نے سرحدیں کراس کرلیں اور واہگہ کے راستے بھارت پہنچ گئی۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں جویریہ کے فیملی کی رہائش بارے ابھی تک تصدیق نہیں ہو سکی۔
صحافی خالد محمود کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی جویریہ خانم کی 5 سال قبل سوشل میڈیا پر بھارتی شہر کولکتہ کے سمیر خان سے دوستی ہوئی جو رفتہ رفتہ پروان چڑھنے لگی اور بات رشتہ داری میں تبدیل ہونے تک جا پہنچی۔

سمیر خان کے والدین نے جویریہ کے والدین کو شادی کا پیغام بھیجا جسے انہوں نے قبول کرلیا۔ دونوں کی پانچ سال قبل منگنی طے پا گئی اور شادی کی تیاریاں شروع ہوگئیں۔ لیکن کورونا کی پابندیوں شادی کی راہ میں رکاوٹ بن گئیں۔ بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد نے ویزہ دینے سے انکار کردیا۔ دوسال قبل جویریہ نے دوبارہ ویزہ کے لئے درخواست دی لیکن وہ بھی مسترد کردی گئی۔ لیکن نومبر میں بھارتی ہائی کمیشن کو ترس آگیا اور انہوں نے تیسری مرتبہ ملنے والی درخواست کو منظور کرتے ہوئے جویریہ کو بھارت کا 45 روز کا ویزہ جاری کردیا۔

ایک ہفتہ قبل وہ واہگہ بارڈر کے راستے بھارت پہنچ گئی جہاں اس کے ہونے والے سسر، اس کے منگیتر سمیر خان اور دیگر رشتہ داروں نے ڈھول کی تھاپ پر اس کا استقبال کیا۔ یہ تمام افراد بارڈر سے امرتسر ہوائی اڈے پہنچے اور دہلی میں ایک رات قیام کے بعد کولکتہ روانہ ہو جائیں گے۔ سمیر خان کا کہنا ہے کہ اصل استقبال کولکتہ میں ہوگا جہاں جنوری کے پہلے ہفتے میں اس کی جویریہ کے ساتھ شادی ہوجائے گی۔

اس شادی سے متعلق بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ جویریہ نامی لڑکی کی 5 سال پہلے انٹرنیٹ پر بھارتی نوجوان سے دوستی ہوئی تھی۔ کچھ عرصے میں دونوں کی منگنی ہوگئی، 5 سال کے دوران بھارتی ہائی کمیشن نے 3 بار ویزہ درخواست مسترد کی۔ تاہم اب بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد نے جویریہ کو 45 دن کا ویزہ جاری کردیا، بھارت پہنچنے پر جویریہ کا زبردست استقبال کیا گیا۔  بھارت پہنچنے پر جویریہ خانم کا کہنا تھا کہ ان کی خوشی ناقابل بیان ہے ، انہیں یہ سب ایک خواب جیسا لگ رہا ہے۔ جویریہ کے ہونے والے بھارتی شوہر سمیر کا کہنا تھا کہ وہ ویزہ ملنے پر بھارتی حکومت کے شکر گزار ہیں، چاہتے ہیں کہ دونوں حکومتیں شادی بیاہ کے معاملات میں خصوصی رعایت کا مظاہرہ کریں۔

خیال رہے کچھ عرصہ قبل بھارت کی انجو بھی دیر آئی تھی جہاں اس نے نصر اللہ کے ساتھ نکاح کیا۔ انجو کچھ روز قبل دوبارہ بھارت واپس جاچکی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button