حویلیاں میں برساتی نالے میں طغیانی آنے سے دو افراد بہہ کر جان بحق
ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں میں برساتی نالے میں بارش کے باعث طغیانی آنے سے دو افراد بہہ کر جان بحق ہو گئے۔ مقامی افراد کے مطابق حویلیاں کے علاقے جھنگڑا ہائی سکول کے مقام پر شدید بارش کے باعث برساتی نالے میں نثار اور فرمان نامی شخص بہہ گئے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیم نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے نثار نامی شخص کو زندہ پانی سے نکال لیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا جبکہ نثار کی نعش کو نکال کر بھی لواحقین کے حوالے کر دیا۔
دوسری جانب ایوبیہ میں ہلکی برفباری شروع ہو گئی ہے جس کے باعث روڈ ٹریفک حادثات سمیت لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ دوران سفر تیز رفتاری سے اجتناب کیا جائے۔
دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال کیا جائے اور گاڑی میں گرم ملبوسات موجود ہو۔ مسافروں کو کہا گیا ہے کہ دوران سفر خاص طور پر شدید دھند اور برفباری میں گاڑی کے انڈیکیٹر اور اشارے آن رکھیں اور محفوظ جگہ پر پارک کریں۔
ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خطیر احمد کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد عارف خٹک نے ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو ہدایات جاری کی کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے فوری نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 ایبٹ آباد اور گلیات کے اہلکار ہائی الرٹ رہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے فوری نمٹنے جا سکے۔ اور کسی بھی علاقے سے موصول ہونے والی ایمرجنسی کال پر بروقت ریسکیو سروس کی فراہمی یقینی بنایا جائے۔