کھیل

ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا

آئی سی سی کرکٹ ون ڈے ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے دی۔

نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کی جانب سے دیا گیا 283 رنز کا ہدف 37 ویں اوور میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔

ڈیون کونوے نے 121 گیندوں پر 152 رنز جبکہ نوجوان رچن رویندرا نے 96 گیندوں پر 123رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔دونوں کے درمیان 273 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی۔

اس سے قبل انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے تھے، انگلش ٹیم کی جانب سے جو روٹ 77 اور کپتان جوز بٹلر 43 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیوی کپتان ٹام لیتھم نے کہا کہ وارم اپ میچ کے بعد اچھی تیاری کی ہے، کیسن ولیمسن صحتیاب ہورہے ہیں، اگلے میچز کھیلیں گے۔

ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ کو پہلا نقصان اوپنر ڈیوڈ ملان کی صورت میں اٹھانا پڑا جنہیں 14 رنز پر میٹ ہینری نے پویلین بھیجا، بعدازاں جونی بیئر اسٹو 33، ہیری بروک 25 اور معین علی 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

4 وکٹیں گرنے کے بعد جو روٹ اور کپتان جوز بٹلر نے ذمہ درانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا،جو روٹ نے 77 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ بٹلر 43 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس کے علاوہ لیام لیونگسٹن نے 20، سام کُرن نے 14 اور کرس ووکس نے 11 رنز بنائے۔ اختتامی اوورز میں عادل رشید اور مارک ووڈ کے درمیان 30 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی اور یوں انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے۔

عادل رشید نے 15 اور مارک ووڈ نے 13 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مچل سینٹنر اور گلین فلپس نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button