جرائم

کرم میں شاملاتی زمینوں پر تنازعہ، فائرنگ سے 5 افراد زخمی ہوگئے

ضلع کرم صدہ شہر کے نواح ساتین اور بدامہ کے درمیان شاملاتی زمینی تنازعے پر بھاری ہتھیاروں سے لڑائی کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق کئی دنوں سے صدہ شہر کے نواح میں ساتین قوم خانانو اور قوم مسوزئی بدامہ کے درمیان زمینی تنازعے پر بات چیت جاری تھی لیکن آج صبح دونوں جانب سے ایک دوسرے پر فائرنگ کی گئی جس کے بعد علاقے کے نوجوان، مشران اور کرم پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گی۔

پولیس کے مطابق دونوں جانب فائرنگ سے پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں جن کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال صدہ منتقل کردیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق پانچ زخمیوں میں یاسین نامی نوجوان کو پشاور منتقل کیا گیا ہے جبکہ دیگر زخمیوں کو علاج معالجے کے بعد ہسپتال سے فارغ کیا گیا۔

علاقے کے رہائشی زاہد خان کا کہنا تھا کہ مشران و نوجوانان کی کوششیں سے فریقین کے مابین امن وامان کی بحالی کے لیے جرگے کے ذریعے کوشش کی گئی اور فوری طور پر فائر بندی ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ مورچہ زن افراد سے مورچے خالی کرا دئیے گئے اور مورچوں میں کرم پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔

جرگے کے حوالے سے ملک ارشاد کا کہنا تھا کہ اس وقت فائر بندی ہوگئی ہے، دونوں فریقین سے جرگے کے ذریعے امن وامان کی فضا برقرار رکھنے اور مسئلے کی پرامن حل نکالنے کے لیے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

ادھر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرم محمد عمران نے کہا کہ علاقے میں امن وامان کی فضا خراب کرنے کی اجازت کسی کو بھی نہیں دی جائیگی، قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button