جرائم

خیبر: سپین قبر میں دہشت گردوں کا سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ

خیبر کے علاقے باڑہ سپین قبر میں دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ضلع خیبر میں تھانہ حدود باڑہ کے علاقہ سپین قبر میں دہشت گردوں نے پولیس اور ایف سی کے جوائنٹ چیک پوسٹ پر دستی بم سے حملہ کیا اور چیک پوسٹ پر شدید فائرنگ بھی کی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس اور ایف سی کے جوانوں نے حملہ ہوتے ہی جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں دہشت گرد فرار ہو گئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے ضلع خیبر میں دہشتگردی کے مختلف واقعات رونما ہوئے جس میں 25 جولائی کو خیبر کے علاقے جمرود علی مسجد میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں تھانہ علی مسجد کے ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی جاں بحق ہوئے تھے۔

اس سے قبل 20 جولائی کو باڑہ بازار کے تحصیل کمپاؤنڈ میں واقع پولیس اسٹیشن کے مرکزی دروازے کے قریب دھماکے سے 3 افراد جاں بحق جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ 18 جولائی کو پشاور کے علاقے حیات آباد میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے قافلے کے قریب دھماکے میں کم از کم 6 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

ایس پی کینٹ وقاص رفیع نے بتایا تھا کہ حملے میں حیات آباد فیز 6 سے گزرنے والے فرنٹیئر کور کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

ادھر خیبرپختونخوا پولیس کی حالیہ رپورٹ کے مطابق صوبے میں ایک سال کے دوران دہشتگردی کے 665 واقعات ہوئے، سب سے زیادہ 140 واقعات شمالی وزیرستان میں ہوئے جب کہ ڈی آئی خان میں 81، پشاور میں 56، باجوڑ میں 55 اور جنوبی وزیرستان میں 49 دہشتگردی کے واقعات ہوئے۔

محکمہ انسداد دہشتگردی نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران دہشتگروں کے خلاف 1152 آپریشنز کیے، اس دوران 432 شدت پسندوں کو گرفتار کیا گیا جب کہ مختلف آپریشنز کے دوران 139 دہشتگرد مارے گئے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button