لائف سٹائل

خیبر پختونخوا: شدید بارشوں سے کئی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا خدشہ

خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا خدشہ ہے۔

قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے (پی ڈی ایم اے) کے مطابق شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مراسلے کے مطابق سوات، کوہستان، بونیر، اورکزئی، چترال، مانسہرہ، شانگلہ، دیر، ابیٹ آباد، خیبر اور تور غر میں تیز بارشوں سے فلیش فلڈنگ کے خدشات ہیں جبکہ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، ڈی آئی خان، ایبٹ آباد اور دیگر بعض علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خدشات ہیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ چھوٹی اور بھاری ہر طرح کی مشینری کی دستیابی یقینی بنائے۔ اس دوران برساتی نالوں کی نگرانی جاری رکھی جائے۔ علاوہ ازیں عوام کو آگاہ کیا گیا ہے کہ طوفان کی صورت میں بجلی کے تاروں، کمزور تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دُور رہیں۔ اسی طرح حساس علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو بھی حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں سے کہا ہے کہ روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں۔ سڑک کی بندش سے بچنے کے لیے ٹریفک کے لیے متبادل راستے فراہم کیے جائیں۔ انتظامیہ اسپیل کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کرے اور حساس علاقوں میں صوبائی اور قومی شاہراہوں پرمسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے۔ متعلقہ حکام بوقت ضرورت لوگوں کو محفوظ انتظار گاہوں میں منتقل کریں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button