سیاست

عوام کو گندم کی بلاتعطل فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، وزیر داخلہ

وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے پنجاب سے آٹے اور گندم کی ترسیل پر پابندی کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو آٹے اور گندم کی بلاتعطل فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے منگل کے روز پشاور کا دورہ کیا اور کیبنٹ روم میں گندم، چینی، آٹا، کھاد کی سمگلنگ سے متعلق اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔

انہوں نے صوبائی حکومت سے کہا کہ وہ مارکیٹ میں آٹے اور گندم کی بلا تعطل فراہمی کے لیے ایک طریقہ کار وضع کرے اور فوری طور پر پاسکو سے ایک لاکھ میٹرک ٹن گندم کا سٹاک لے۔ انہوں نے پولیس کو مزید ہدایت کی کہ پنجاب سے خیبر پختونخوا کو گھریلو مقصد کے لیے آٹے کی سپلائی بند نہ کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب سے آٹے کی ترسیل پر پابندی کا معاملہ، کیا صورتحال مزید گھمبیر ہوجائے گی؟

قبل ازیں چیف سیکریٹری ندیم اسلم چوہدری، سیکریٹری داخلہ خیبر پختونخوا عابد مجید اور آئی جی خیبر پختونخوا اختر حیات خان نے وزیر داخلہ کو صوبے میں آٹے، گندم، چینی اور کھاد کی دستیابی اور اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف حفاظتی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے وزیر داخلہ کو صوبے میں گندم کوٹہ کی کمی کے بارے میں بتایا اور صوبے کی موجودہ مانگ کو پورا کرنے کے لیے کوٹہ میں اضافے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں موجودہ گندم اور آٹے کی قلت کو پنجاب حکومت کے تعاون کے بغیر پورا نہیں کیا جا سکتا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اجلاس میں خیبر پختونخوا میں آٹے اور گندم کی قلت کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ وفاقی سیکرٹری برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ ظفر حسن، سیکرٹری خوراک خیبر پختونخوا عابد وزیر اور پنجاب کے سیکرٹری خوراک محمد زمان وٹو نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

خیبر پختونخوا میں آٹے کی سپلائی کے خلاف جاری ہڑتال موخر

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے خیبر پختونخوا میں آٹے کی سپلائی کی بندش کے خلاف اپنی دو روزہ علامتی ہڑتال موخر کر دی۔

پاکستان فلور ملزایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے چیئرمین حاجی محمداقبال نے وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخوا حکومت کو ایک ہفتہ کا وقت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی تمام چیک پوسٹوں کو فوری طور پر ختم کیا جائے تاکہ پنجاب سے گندم اور آٹے کی ترسیل شروع ہو سکے، اگر ایک ہفتہ کے بعد بھی یہ پابندی برقرار رہی تو فلور ملز کی ہڑتال کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے پورے ملک میں فلور ملز غیر معینہ مدت تک کے لیے بندکر دیں گے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان فلور ملزایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے چیئرمین حاجی محمد اقبال اورگروپ لیڈر محمدنعیم بٹ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے حکومت پنجاب کی طرف سے گندم اور آٹے کی ترسیل پر غیر آئینی و غیر قانونی پابندی کے خلاف ہمارے احتجاج کرنے پر نوٹس لیتے ہوئے حکومت پنجاب کو کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے لیے گندم اور آٹے کی ترسیل میں تمام مشکلات فوری طور پر ختم کرنے کے اقدامات کریں۔

انہوں نے بتایا کہ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کے آفس میں پنجاب سے گندم اور آٹے کی ترسیل پر پابندی کے متعلق ہونے والی میٹنگ میں ہمیں بلایا گیا جہاں ویڈیو لنک کے ذریعے حکومت پنجاب سے رابطہ کیا گیا لیکن ان کی طرف سے کوئی مثبت پیش رفت نہ ہوسکی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے خیبر پختونخوا میں آٹے کی سپلائی کی بندش کے خلاف اپنی دو دن کی علامتی ہڑتال موخر کردی ہے جس کا مقصد ملوں میں موجود جو تھوڑی بہت گندم پڑی ہے اس کی پسپائی کرکے اپنی خیبر پختونخوا کی عوام کو آٹا مہیا کرسکیں تاکہ عوام کی پریشانی میں کسی حد تک کمی آسکے۔

ان کا کہنا ہے کہ آج سے ہم صبح کے وقت مل چلائیں گے اور دوپہر دو بجے تک سپلائی دیں گے جبکہ اس کے بعد دو بجے اپنی علامتی ہڑتال جاری رکھیں گے۔

Show More

Salman

سلمان یوسفزئی ایک ملٹی میڈیا جرنلسٹ ہے اور گزشتہ سات سالوں سے پشاور میں قومی اور بین الاقوامی میڈیا اداروں کے ساتھ مختلف موضوعات پر کام کررہے ہیں۔

متعلقہ پوسٹس

Back to top button