سیاست

عمران خان کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا

رینجرز نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کر لیا۔

عمران خان کے وکیل نے تصدیق کی ہے کہ رینجرز نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو احاطہ عدالت سے حراست میں لے لیا۔ عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے لیے آئے تھے جہاں سے رینجرز نے ان کو حراست میں لے لیا۔

آئی جی اسلام آباد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔

 

 اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان میں آئی جی اسلام آباد کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ حالات معمول کے مطابق ہیں اور اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ادھر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا دعویٰ ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت کے احاطے سے اغوا کر لیا گیا ہے۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کو نامعلوم افراد نامعلوم مقام پر لے گئے ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس  مسٹر جسٹس عامر فاروق نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی گرفتاری کا نوٹس لے لیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کی گرفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد کو 15 منٹ میں طلب کرلیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جس نے بھی یہ کام کیا ہے غلط کام کیا ہے۔ مجھے معلوم ہوا ہائیکورٹ کے شیشے بھی توڑے گئے ہیں، چیف جسٹس نے ایڈوکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ فوری طور پر بتائیں عمران خان کو کس نے گرفتار کیا ہے؟

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button