جرائم

ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈی ایس پی زخمی، دو حملہ آور ہلاک

 

ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈی ایس پی عابد اقبال پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے، جوابی کاروائی میں دو حملہ آور بھی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں پکڑ لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ڈی ایس پی عابد اقبال پر تھانہ یونیورسٹی کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کی ہے۔ زخمی ڈی ایس پی کو علاج کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ڈی ایس پی صدر ملک عابد اقبال جنکا حالیہ تبادلہ پرووا سے صدر پر ہوا تھا، آج صبح کچھ دفتری کام کیلئے پرووا جارہے تھے کہ نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ شروع کردی جس سے وہ زخمی ہوگئے۔ یاد رہے کہ ڈی ایس پی کو انکی اچھی کارکردگی کی بنا پر پرروا سرکل سے صدر سرکل تعینات کیا گیا تھا۔

پولیس نے جوابی کاروائی کرتے ہوئے دو حملہ آوروں کو ہلاک کردیا جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے سرچ آپریشن شروع کردی ہے، جبکہ ہلاک شدگان کی شناخت جاری ہے۔

واضح رہے خیبرپختونخوا میں پولیس پر حملوں میں تیزی آئی ہے اور اس حوالے سے خیبرپختونخوا پولیس نے ایک رپورٹ بھی جاری کی ہے جس کے مطابق خیبر پختون خوا میں 4 ماہ میں پولیس پر 77 حملے ہوئے ہیں جس میں 120 اہل کار شہید ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق چار ماہ میں پولیس پر ستتر حملے ہوئے ہیں، دہشت گردوں کے حملوں میں مجموعی طور پر ایک سو بیس اہل کار شہید اور 333 زخمی ہوئے۔

سب سے زیادہ حملے بنوں میں ہوئے جن کی تعداد 24 ہے، ڈی آئی خان میں 23، اور پشاور میں 15 حملے ہوئے، ان حملوں میں پشاور میں 88، ملاکنڈ میں 12، بنوں میں 11 اور ڈی آئی خان میں 3 اہل کار شہید ہوئے۔

حملوں کے نتیجے میں پشاور میں 245، ملاکنڈ میں 46، ڈی آئی خان میں 24، اور بنوں میں 13 اہل کار زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق خیبر پختون خوا میں سب سے زیادہ حملے جنوبی اضلاع میں ہوئے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button