حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا اعلان کردیا
وفاقی حکومت نے آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے اضافے کا اعلان کردیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر اضافہ کیا جارہا ہے جس کے بعد فی لیٹر قیمت 272 روپے سے بڑھ کر282 ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 78 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 186 روپے 7 پیسے فی لیٹر ہوگی۔
وزیر خزانہ کا کہناتھاکہ ہائی اسپیڈ اور لائٹ ڈیزل کی قیمت بغیرکسی ردوبدل کے برقرار ہیں۔ پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا اطلاج رات 12 بجے سے ہوگا۔
وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 16 مارچ کو وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا جس کے بعد پیٹرول فی لیٹر 5 روپے مزید مہنگا ہوگیا تھا۔
قبل ازیں 16 فروری کو روپے کی گرتی ہوئی قدر کے پیش نظر حکومت پاکستان نے پیٹرول کی قیمت میں 22.20 روپے اور ڈیزل 17.20 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کا اعلان کیا تھا۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 22.20 روپے، ڈیزل کی قیمت میں 17.20 روپے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 12.90 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 9.88 روپے فی لیٹر بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔
اس سے قبل یکم فروری کو حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35،35 روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔
اس کے علاوہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 18،18 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا تھا۔