حرمتِ حرم کی توہین: 6 پاکستانیوں کو سعودی عرب میں سزا سنادی گئی
مدینہ منورہ میں وزیراعظم پاکستان کے دورے کے دوران حرمت حرم کی توہین کرنے والے پاکستانیوں کو سزا سنا دی گئی۔ سعودی عرب کی عدالت میں 6 پاکستانیوں پر حرم مدینہ میں توہین کا جرم ثابت ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان میں سے تین پاکستانیوں کو 10، 10 سال جبکہ تین پاکستانیوں کو 8، 8 سال کی سزا سنائی گئی ہے۔ 10 سال سزا پانے والوں میں انس، ارشاد اور محمد سلیم جبکہ 8 سال کی سزا پانے والوں میں خواجہ لقمان، محمد افضل اور غلام محمد شامل ہیں۔
مدینہ منورہ کی عدالت نے چھ مجرموں کو بیس بیس ہزار ریال جرمانہ اور موبائل فون بھی ضبط کر لیے ہیں۔ ان 6 مجرموں پر وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور دیگر وزرا کو حرم مدینہ میں بدتمیزی اور توہین حرم کے باعث جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی۔ وفاقی وزرا وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ رمضان المبارک کے آخری ایام میں سرکاری دورے پر مدینہ گئے تھے۔
خیال رہے کہ مسجد نبوی میں پاکستانی وزرا کیساتھ بدتمیزی کرنے والے ان پاکستانیوں کو سعودی حکام نے گرفتار کر لیا تھا۔ مدینہ پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ان پاکستانی افراد کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے اور معاملہ مجاز حکام کو بھیج دیا گیا ہے۔
وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیرِ نارکوٹکس شاہ زین بگٹی کو مسجد نبوی کے صحن میں موجود پاکستانیوں کی جانب سے بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان افراد نے پاکستانی وزرا اور ان کے ساتھیوں کو گھیرے میں لے کر نعرہ بازی کی تھی اور جہاں مریم اورنگزیب کے لئے نازیبا زبان استعمال کی تھی، وہیں شاہ زین بگٹی کے بال بھی کھینچے گئے تھے اور انہیں دھکے دیئے گئے تھے۔