جرائم

پشاور: نامعلوم ملزمان کی فائرنگ، سکھ برادری کے دو افراد قتل

پشاور کے علاقہ سربند میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو قتل کر دیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سید شعیب منصور کے مطابق بٹہ تل چوک میں فائرنگ سے رنجیت سنگھ، کول جیت سنگھ نامی دو افراد موقع پر دم توڑ گئے، ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی میڈیکل ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور ڈیڈ باڈیز کو پولیس کی نگرانی میں ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔

دوسری جانب وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے اس واقعے کا نوٹس لے لیا اور انسپکٹر جنرل پولیس کو قتل میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کے لئے ضروری کارروائی کی ہدایت کر دی۔

اس حوالے سے جاری ایک بیان میں وزیر اعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ واقعہ انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک ہے، اس بہیمانہ قتل میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے کسی صورت بچ نہیں سکتے، واقعے میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا اور متاثرہ خاندانوں کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ کے پی کے مطابق واقعہ شہر کے پرامن ماحول اور بین المذاہب ہم آہنگی کو خراب کرنے کی کوشش ہے، صوبائی حکومت ایسی کوششوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیے گی، حکومت متاثرہ خاندانوں اور سکھ برادری کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button