پاک افغان سرحد پر برفانی تودا گرنے سے 19 افراد جاں بحق
پاک افغان سرحد پر برفانی تودے کی زد میں آنے سے 19 افراد جاں بحق ہوگئے۔ طالبان عہدیدار نے غیر ملکی خبر ایجنسی کو بتایا کہ افغانستان سے پاکستان میں داخلے کیلئے پہاڑی درہ عبور کرتے ہوئے یہ افراد حادثے کا شکار ہوئے۔
افغان عہدیدار نجیب اللہ حسن ابدال کا کہنا ہے کہ امدادی کارکن برفانی تودے کی جگہ پر تلاش کا کام کررہے ہیں، اب تک برفانی تودے کے حادثے میں ہلاک ہونے والے 19 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہر روز سینکڑوں افغان روزگار کی تلاش یا تجارت کے لیے سامان خریدنے کے لیے غیر قانونی طور پر پہاڑی سرحد سے گزر کر پاکستان جاتے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق طالبان کے گذشتہ سال اگست میں اقتدار میں آنے کے بعد سے پاک افغان سرحد پر لوگوں کی غیرقانونی آمدورفت بڑھ گئی ہے۔
پاکستان 2670 کلومیٹر اس طویل سرحد پر، جو ڈیورنڈ لائن کے نام سے جانی جاتی ہے، باڑ لگانے کی کوشش کر رہا ہے۔