دیربالا: مکان کی چھت گرنے سے ماں چار بچوں سمیت جاں بحق
دیربالا کے علاقہ مینہ ڈوگ ڈوگدرہ میں برفباری کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ماں اپنی چار بچوں سمیت ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئی۔ مقامی افراد نے امدادی کارواٸیوں میں حصہ لیا اور لاشوں کو ملبے سے نکالا۔
پولیس زراٸع کے مطابق دیربالاکے علاقہ مینہ ڈوگ میں اسرار نامی شخص کے مکان کی چھت برفباری کے باعث گر گئی جس میں زوجہ محمد اسرار ان کی ایک سال کی بیٹی مصوراء چار سال کا بیٹا عیاں خان سات سال بیٹا سدیس خان اور بارہ سال بیٹا ابرار موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
دوسری جانب ملک کے سیاحتی مقام مری میں شدید برفباری کے باعث ہزاروں سیاح پھنس کر رہ گئے ہیں جبکہ ہنگامی صورتحال کے باعث ملکہ کوہسار جانے والے راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
مری میں برفباری کا سلسلہ گزشتہ دو روز سے جاری ہے اور برفباری کے ساتھ سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے، ایک اندازے کے مطابق اب تک سوا لاکھ سے زائد گاڑیاں شہر میں داخل ہو چکی ہیں جس کے باعث شدید رش اور سڑکوں پر بد ترین ٹریفک جام ہے۔
شدید برفباری اور ٹریفک جام کے باعث ہزاروں سیاح رات سے سڑکوں پر پھنسے ہوئے ہیں جبکہ ٹریفک پولیس کے اہلکار سڑکوں پر ٹریفک بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سیاحوں کا کہنا ہے کہ بچوں، خواتین اور بڑی عمر کے افراد کے ساتھ رش میں پھنسے ہوئے ہیں، بچوں کا دودھ اور دوائی بھی ختم ہو گئی ہے اور ٹھنڈ بھی بہت زیادہ ہے، حکومت سے اپیل ہے کہ ہماری مدد کی جائے اور ہمیں یہاں سے نکالا جائے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ مسلسل برفباری کے باعث ہنگامی صورتحال ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مری جانے والے راستے کو بہارہ کہو ٹول پلازہ سے بند کر دیا گیا ہے۔